سمت بھارگو
راجوری//راجوری شہر میں جمعرات کے روز مبینہ طور پر ریبیز سے متاثرہ دو خچروں کو ایک مشترکہ ریسکیو آپریشن کے دوران قابو میں لے لیا گیا جس کے بعد مقامی آبادی میں پھیلی خوف و ہراس کی فضا ختم ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق یہ دونوں خچر گزشتہ ایک روز سے شہر کے ایک مصروف عوامی علاقے میں گھوم رہے تھے اور انہوں نے کئی مقامی افراد پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چند افراد زخمی بھی ہو گئے۔مقامی لوگوں کے مطابق خچروں کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف پیدا ہو گیا تھا اور لوگوں نے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
شکایات موصول ہونے کے بعد مختلف محکموں پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی جس میں محکمہ حیوانات، محکمہ جنگلی حیات، پولیس اور میونسپل کونسل راجوری کے اہلکار شامل تھے۔مشترکہ ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ اس دوران ماہرین نے خچروں کو قابو میں کرنے کے لئے انہیں بے ہوش کرنے والی دوا استعمال کی اور کامیابی کے ساتھ دونوں جانوروں کو پکڑ لیا۔ بعد ازاں ان خچروں کو مزید نگرانی اور مناسب دیکھ بھال کے لئے ایک الگ تھلگ اور ویران مقام پر منتقل کر دیا گیا۔حکام کے مطابق بدھ کی شام سے اب تک ان جانوروں کے حملوں میں کم از کم تین افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔متعلقہ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور اگر کسی علاقے میں مشتبہ یا بیمار جانور نظر آئیں تو فوری طور پر متعلقہ محکموں کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔