پونچھ/راجوری اورپونچھ اضلاع کے گورودواروں میں گورونانک دیوجی کے یوم پیدائش کے سلسلے میں تقاریب کااہتمام کیاگیا ۔اس دوران گورودواروں میں شبدکیرتن کے ساتھ ساتھ گورونانک دیوجی کی تعلیمات پرمذہبی اسکالروں نے روشنی ڈالی۔تفصیلات کے مطابق گرونانک دیو جی کے یوم پیدائش پر پونچھ ضلع کی تمام تحصیلوں میں ان کے عقیدت مندوں کی جانب سے تقریبات کااہتمام کیاگیا۔اس سلسلہ کی سب سے بڑی تقریب ضلع کے صدر مقام کے گردوارہ سنگھ سبھا پونچھ میں منعقد کی گئی جس کی صدارت مہنت منجیت سنگھ نے کی۔اس موقع پر جہاں سکھ مذہب کے ماننے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی وہیںایم ایل سی پردیپ شرما، ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ طارق احمد زرگر اور ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کے علاوہ ضلع افسران اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد بھی اس موقعہ پر موجود تھی۔ تقریب کے دوران جہاں مقامی اور غیر مقامی راگھی جتھوں نے بھجن کیرتن کیا وہیں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرونانک دیو کی پیدائش اپریل، 1469ء کو ہوئی، اور وفات 22 ستمبر، 1539ء کو شہر کرتار پور پنجاب، بھارت میں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ گرونانک سکھ مت کے بانی اور دس سکھ گروؤں میں سے پہلے گرو تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کا یوم پیدائش گرو نانک گرپورب کے طور پر دنیا بھر میں ماہ کاتک (اکتوبر–نومبر) میں پورے چاند کے دن یعنی کارتک پورن ماشی کو منایا جاتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ گرونانک کو ’’زمانے کا عظیم ترین مذہبی موجد‘‘ قرار دیا جاتا ہے جنھوں نے دور دراز سفر کرکے لوگوں کو اس ایک خدا کا پیغام پہنچایا جو اپنی ہر ایک تخلیق میں جلوہ گر ہے اور لازوال حقیقت ہے۔ انھوں نے کہا کہ گرونانک نے ایک منفرد روحانی، سماجی اور سیاسی نظام ترتیب دیا جس کی بنیاد مساوات، بھائی چارے، نیکی اور حسن سیرت پر ہے۔انہوں نے کہا کہ گرونانک کا کلام سکھوں کی مقدس کتاب، گرنتھ صاحب میں 974 منظوم بھجنوں کی صورت میں موجود ہے۔اس دوران گرودوارہ پر بندھک کمیٹی پونچھ کی جانب سے احاطہ صاحب پونچھ میں لنگر کا بھی اہتمام کیاگیا تھا جہاں ہزاروں لوگوں نے لنگر تناول فرمایا۔