دیہی علاقوں کی غریب عوام بجلی کے اضافی بل ادا کرنے سے قاصر

 عشرت حسین بٹ

منڈی// تحصیل منڈی کے دیہی علاقوں کی عوام بجلی کے اضافی بل ادا کرنے سے قاصرہے۔ عوام کے مطابق انہیں گزشتہ دو ماہ سے محکمہ بجلی کی جانب سے اضافی بجلی کے بل دیے جا رہے ہیں جن کو ادا کرنا غریب لوگوں کے لیے مشکلات کا سبب بنا ہوا ہے۔ عوام کا کہنا تھا کہ تحصیل کے دوردراز علاقوں میں عوام کو پانچ سو سے زائد کے بجلی بل دیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تحصیل کے اڑائی علاقہ سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن حافظ عبدالمجید نے اس حوالے سے کہا کہ منڈی کے دیہی علاقوں میں پہلے تو بجلی نظام درہم برہم ہے ان علاقوں میں بجلی کی ترسیلی لائن پولوں کے بجائے درختوں پر آویزاں ہے اور عوام کو بہتر بجلی بھی فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب عوام بجلی کے اتنے زیادہ بل ادا نہیں کر سکتے ہیں اب غریب لوگ زیادہ بجلی بل آنے کی وجہ سے بجلی کنکشن کاٹ کر پرانے دور کی چمنی پر گزار کرنے کی کگار پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ دیہی علاقہ کے غریب لوگوں کے لیے کم سے کم ریٹ میں بجلی مہیا کرے ورنہ غریب کو اس مہنگائی کے دور میں زندگی گزارنا بہت مشکل بنا ہوا ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ غریب لوگوں کے ساتھ بجلی بلوں کے حوالے سے انصاف کیا جائے تاکہ وہ اپنی زندگی بغیر کسی پریشانی کے گزار سکیں۔