جنیو// دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 18 کروڑ 72 لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ 40 لاکھ 42ہزار 981 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھرمیں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 17 کروڑ 12 لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد ایک کروڑ 19 لاکھ 81 ہزار سے زائد ہے۔امریکا میں اب تک 6 لاکھ 22 ہزار 821 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 47 لاکھ 26 ہزار 111 ہو چکی ہے۔ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس وائرس سے 4 لاکھ 8 ہزار 72 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ 3 کروڑ 8 لاکھ 37 ہزار 222 مریض سامنے آچکے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی اس فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے تاہم یہ اموات کے حوالے سے فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس جان لیوا وائرس سے 5 لاکھ 32 ہزار 949 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 90 لاکھ 69 ہزار 3 ہو گئی۔اعدادوشمار کے مطابق فرانس میں مجموعی اموات 1 لاکھ 11 ہزار 321 ہو چکی ہیں، جہاں اس کے اب تک کل کیسز 58 لاکھ 8 ہزار 383 رپورٹ ہوئے ہیں۔ روس میں کل اموات 1 لاکھ 43 ہزار 2 ہو گئیں اور مریضوں کی تعداد 57 لاکھ 83 ہزار 333 ہو چکی ہے جبکہ ترکی میں کورونا وائرس سے اموات 50 ہزار 192 تک جا پہنچی ہیں اور کیسز 54 لاکھ 76 ہزار 294 ہوچکے ہیں۔برطانیہ میں اموات کی تعداد 1 لاکھ 28 ہزار 399 ہو گئی اور کیسز کی تعداد 50 لاکھ 58 ہزار 893 ہو چکی ہے۔اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب اسی فہرست میں 44 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 7 ہزار 963 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 83 تک جا پہنچی ہے۔چین اس فہرست میں 101 نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 92 ہزار 39 ہو چکی ہے جبکہ کْل ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 636 پر رکی ہوئی ہے۔کورونا وائرس کا پہلا کیس 17 نومبر 2019 کو رجسٹرڈ ہوا تھا جس کے بعد 27 جون 2020 کو کیسز کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی تھی جبکہ اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس کے پہلے پانچ کروڑ کیسز 356 دنوں میں رپورٹ ہوئے تھے اور اس کے بعد آخری پانچ کروڑ کیسز صرف اناسی روز میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔
الجزائر کے وزیراعظم کورونا میں مبتلا
لندن //الجزائر کے نئے وزیر اعظم ایمن بن عبدالرحمن کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ الجزائر کے سرکاری ٹی وی نے اس کی تصدیق کی ہے۔ وزیر اعظم نے بدھ کو ہی نئی حکومت تشکیل دی تھی۔سرکاری ٹی وی پر بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم ایمن بن عبدالرحمن سات دن قرنطینہ میں رہیں گے لیکن اپنے فرائض ورچوئل طریقے سے انجام دیتے رہیں گے۔الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے حکومت کو ملک بھر میں سماجی فاصلے اور ماسک کی پابندی دوبارہ نافذ کرنے اور ویکسینیشن مہم تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔شمالی افریقہ کے ملک میں اب تک کورونا کے ایک لاکھ 45 ہزار 296 مثبت کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ کورونا سے تین ہزار 824 اموات ہو چکی ہیں۔