ظفر اقبال
اوڑی// درہ گٹلیاں اوڑی گائوں کے وارڈ نمبر 3 کے لوگ گزشتہ تین ماہ سے بجلی سپلائی سے محروم ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اُن کا بجلی ٹرانسفارمر گزشتہ تین ماہ کے دوران نو بار خراب ہوا جسکی وجہ سے علاقے کی آبادی گھپ اندھرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہا بجلی ٹرانسفارمر کی کئی بار مرمت کی گئی مگر دوبارہ نصب کرنے کے بعد چند ہی گھنٹوں میں یہ خراب ہو جاتا ہے اسطرح گزشتہ تین ماہ کے دوران یہ بجلی ٹرانسفارمر ابھی تک نو بار خراب ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا آج مقدس ماہ رمضان میں بھی وہ بجلی سے محروم ہیں اورسحری اور افطاری کے وقت وہ موم بتیاں جلا کر گزاراکرتے ہیں۔
لوگوں نے بتایا کہ بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا ان کے علاقے میں بجلی نظام کی حالت خراب ہے۔ علاقے میں کوئی بھی بجلی کھمبا نصب نہیں کیا گیا ہے جبکہ تاریں درختوں اور جاڑیوں پر لٹکتی ہیں اور عرصہ دراز سے لگائی گی تاریں مکمل طور بوسیدہ ہو گئی ہیں۔انہوں نے محکمہ بجلی پر الزام لگایا ہے کہ انکے علاقے میں بجلی لائنوں کی مرمت بھی نہیں کی جاتی ہے۔لوگوں نے بتایا کہ بجلی نہ ہونے کے باجود بھی وہ بجلی بلیں ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا اگر وہ بجلی بلیں بھی وقت پر ادا کرتے ہیں تو پھر انکے بجلی سپلائی میں بہتری کیوں نہیں لا رہے ہیں۔مقامی آبادی نے بجلی محکمہ کے علیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انکے علاقے میں بجلی نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ وہ بھی اپنی زندگی اچھی طرح سے بسر کر سکیں۔