جموں//بجٹ2018-19 کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے خزانہ کے وزیر ڈاکٹر حسیب اے درابو کو تمام شراکت داروں کی تمناؤں کے مطابق بجٹ پیش کرنے پر مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بجٹ میں وہ تمام صفات موجود ہیں جو ایک عوام دوست بجٹ میں ہونی چاہئیں۔سماج کے تمام طبقوں تک پہنچنے والا ہر دلعزیز بجٹ کا نام دیتے ہوئے نعیم اختر نے کہا کہ خزانہ کے وزیر نے اُن عام لوگوں کی خواہشات اور تمناؤں کا خیال رکھتے ہوئے یہ بجٹ ترتیب دیا ہے جن میں ملازمین، تاجر برادری، کاروباری، نوجواں، غریب اور مسکین لوگ شامل ہیں۔ساتویں تنخواہ کمیشن کے عمل درآمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت ملازمین کے حقوق کی پاداری کرنے کے لئے تمام اقدامات کرنے کے لئے تیارہے۔بجٹ کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے تا کہ اس بجٹ کی بدولت نہ صرف لوگوں کی ضرورتوں کا خیال رکھا جائے بلکہ ریاست کے قلیل مدتی اور طویل مدتی اقتصادی مقاصد بھی پورے کئے جاسکیں۔وزیر نے وزیر اعلیٰ کے بزنس انٹرسٹ ریلیف سکیم، گرؤپ میڈی کلیم انشورنس پالیسی باپت ملازمین وصحافی، لور منڈا اور ہیر ہور ٹول پوسٹ کا بند کرنا، صنعت کاروں کے بجلی بقایاجات پر سود میں عام معافی، ہوٹلئیر، ٹورسٹ ریزارٹ مالکان، چھوٹے کارخانہ داروں کو بجلی کی فراہمی، ریاست میں میوہ باہر بھیجے پر ٹول نہ ڈینے اور دیگر سہولیات بجٹ کے ذریعے فراہم کرانے کی ستائش کی۔