پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی جانب سے کانگریس گھاس کے لئے بنائے گئے منصوبہ پر عملدرآمد کرنے کے لئے ضلع کے متعدد دیہات میں بیک وقت مہم شروع کر دی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کی طرف سے سرل، منکوٹ، سلوا، نوباباندی، بھاٹہ دوریاں، پھاگلہ اور دیگر کئی دیہات میں بیداری کیمپوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقعہ پر لوگوں کو اس گھاس کے مضر اثرات کو ا سے فصلوں نیز انسانی زندگیوں کو ہونے والے نقصانات کے بارے میں بتایا گیا۔ کسانوں کو گھاس کی خود روی کو روکنے کے لئے کئی مفید مشورے بھی دئیے گئے ۔ واضح رہے کہ ضلع ترقیاتی بورڈ کی میٹنگ میں عوامی نمائندوں کی جانب سے مختلف قسم کی خود رو جھاڑیوں کے پھیلائوں کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس سے زرخیز زمین بنجر بنتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی تھی کہ وہ اس مسئلہ کے حل کے لئے کوئی قدم اٹھائے۔ اس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ زراعت ، پھولبانی، باغبانی ، دیہات سدھار اور محکمہ مال کے اشتراک سے ایک مہم چلانے کا فیصلہ کیا تا کہ اس بدعت کے خاتمہ کیلئے قدم اٹھائے جاسکیں، اس کے لئے سائنسدانوں کی بھی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔