جموں/قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ خواتین کی عزت افزائی کرنا ایک نئی چیز نہیں ہے بلکہ یہ ہماری ثقافتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے اسے ہر صورت میں برقرار رکھا جانا چاہیئے ۔ سنسکار بھارتی اور سموہ تھیٹر کی خواتین شاخ کی طرف سے کے ایل سہگل ہال میں معروف خواتین کی عزت افزائی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا اُن کی تیرجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی بہبودی کیلئے مرکزی اور ریاستی سرکار نے کئی سکیمیں شروع کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان سکیموں میں بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ سکیم نمایاں اہمیت کی حامل ہے ۔ اس موقعہ پر ثقافت و تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے کہا کہ خواتین کل کے دور میں زندگی کے ہر ایک شعبے میں بے مثال کام کر رہی ہیں جہاں تک کہ کئی ایک شعبوں میں خواتین مردوں سے بھی آگے بڑھ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے حکومت خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے ۔ جموں کشمیر کلچرل اکیڈمی کے سیکرٹری عزیز حاجنی ، معروف صحافی سہیل قاضمی اور سیاسی لیڈر روی ٹکو بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ان معروف خواتین کی اس موقعہ پر عزت افزائی کی گئی اُن میں ڈاکٹر اندو کول ، سنینا مہتا ، ویناکشی کول ، شفقت چب ، مونا پنڈو ، ڈی ایس پی اوشا کھیر ، ایس ایچ او انیتا کتل ، سنتوش سنگرا ، منجیری سنگھ اور سیرت شامل ہیں ۔