جموں// خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقعہ پر قومی سطح کی کوچ اور کرکٹر روپالی سلاتھیہ نے کرکٹنگ سے متعلق اُن کی تصنیف کردہ ایک کتاب وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو پیش کی۔جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والی لیول بی کورس کامیابی سے مکمل کرنے والی پہلی خاتون کرکٹ کوچ روپالی اس وقت ریاست میں خواتین کرکٹنگ سے متعلق اپنے ڈاکٹورل تحقیق پر کام کر رہی ہیں۔اس سے پہلے انہوں نے نیشنل کرکٹ اکاڈمی میں ملک کی خواتین کے لئے کرکٹ کوچنگ کیمپ کا انعقاد کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے ریاست سے تعلق رکھنے والی ان نوجوان کرکٹ سٹار کو مبار ک باد دیتے ہوئے مستقبل میں اُن کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تا کہ وہ نوجوان پود کے لئے ایک رول ماڈل کے طور پر ابھر کر سامنے آئے۔
خواتین کے معاملات پر ہر فورم میں بحث کی ضرورت:نعیم اختر
جموں//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے خواتین کے عالمی دن کے موقعہ پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت کی ضرورت ہے کہ خواتین کے معاملات پر ہر فورم میں بحث وتمحیص ہو اور ایک ترقی یافتہ و بہتر سماج وجود میں لانے میں اُن کے رول کو اجاگر کیا جائے۔اس تقریب کا انعقاد روٹری کلب جموں توی نے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کئی خواتین کی عزت افزائی کرنے کے لئے منعقد کی تھی۔نعیم اختر نے کہا کہ کسی بھی عمر کی خواتین کی عزت افزائی نہ کرنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک قوم تب تک ترقی نہیں سکتی جب کہ نہ وہاں کی خواتین کو مناسب عزت کا مقام نہ ملے۔وزیر موصوف نے ریاست اور بیرون ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم کا ذکرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات انسان کو شرمسار کر دیتے ہیں اور وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے آپ کا محاصبہ کر کے خواتین کے تئیں ایک ہمدردانہ رویہ اختیار کریں۔گھٹتے جنسی تناسب پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ خواتین کو بطن میں ہی لڑکیوں کو مارنے جیسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ یہ ایک جرم ہی نہیں بلکہ ایک اخلاقی بدعت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جہیز کا مسئلہ اس وقت پنپ رہا ہے اور ابھی بھی لڑکیوں کو جہیز لانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔وزیر تعمیرات نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انہیں صرف سہولیات دی جائیں بلکہ انہیں ہر سطح پر برابری کا درجہ دیا جانا چاہئے۔اس موقعہ پر جن معروف خواتین کی عزت افزائی کی گئی اُن میں ڈاکٹر ششی گپتا، ڈاکٹر حنا شفیع بٹ، مینو مہاجن، سنینا مہتہ اور وینا گپتا شامل ہیں۔
خواتین کوبا اختیار بنانے کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے:اوشا ووہرا
جموں// خاتون اول اوشا ووہرا نے جموں وکشمیر پولیس کی طرف سے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو تحفظ دینے اور انہیں با اختیار بنانے کے لئے جامع کوششیں کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے خواتین میں اعتماد پیدا کرنے کے لئے جموں وکشمیر پولیس ایک اہم رول ادا کر رہی ہے۔ اوشا ووہرا نے کہا کہ اگرچہ خواتین کو آئینی اور قانونی اعتبار سے کئی حقوق حاصل ہیں تا ہم انہیں سماج میں با اختیار بنانے کے حوالے سے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ایک با وقار مقام دلانے کے لئے اپنا نظریہ بدلنا ہو گا۔خاتون اول نے وومن سیفٹی ایپ شروع کرنے کے لئے جموں وکشمیر پولیس کی سراہنا کی۔ انہوں نے اس موقعہ پر کئی خواتین پولیس افسروں کی عزت افزائی کی۔اس سے قبل اپنے استقبالیہ خطبہ میں ڈی جی پی ، ایس پی وید نے خواتین کو تحفظ دینے سے جڑے امور کو اُجاگر کیا۔ڈاکٹر بھارتی وید نے اس موقعہ پر پولیس وائیوز ویلفئیر ایسوسی ایشن کی طرف سے شکریہ کی تحریک پیش کی۔پروفیسر آر ڈی شرما وائس چانسلر جموں یونیورسٹی کے علاوہ کئی پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ بھی تقریب میں موجود تھے۔