جموں//سی پی آئی ایم کے لیڈر و ایم ایل اے کلگام محمد یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ ایک طرف اگرچہ ہم بین الاقوامی خواتین دن مناتے ہیں تو دوسری طرف خواتین پر دل دہلادینے والے مظالم ڈھائے جارہے ہیں جن سے انسانیت کی تمام قدریں پامال ہورہی ہیں اور ہر باشعور انسان کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔اس کی تازہ مثال کٹھوعہ میں 8سالہ معصوم بچی آصفہ کی عصمت ریزی اور قتل ہے۔اس وحشیانہ فعل کی ہر شخص کو ذات پات ، رنگ و نسل اور مذہبی نظریات سے بالاتر ہو کر مذمت کرنی چاہیے۔تاریگامی نے اس بات پر سخت افسوس اور دکھ کا اظہار کیا کہ کچھ عناصر ملزم کے حق میں میٹنگیں کرکے پرامن ماحول کو فرقہ وارانہ رنگت دے کر افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیںجو کہ بدقسمتی کی بات ہے۔تاریگامی نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ آصفہ کو انصاف فراہم کرنے کے لئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم بنایا جائے اور فرقہ پرست عناصر جو کہ فرقہ وارانہ فسادات کروانے کی مذموم کوشش کررہے ہیں ، کو الگ تھلگ کرکے ان کے ان منصوبوں کو خاک میں ملادیا جائے۔تاریگامی نے خواتین پر ڈھائے جارہے مظالم کی روک تھا م کے لئے زور دار مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب پر یہ اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے خواتین اپنے حقوق دلانے کے لئے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات طے ہے کہ تب تک کوئی بھی سماج ترقی نہیں کرسکتا ہے جب تک نہ خواتین کو برابر کے حقوق دئے جائیں۔