خطہ پیر پنچال کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش ،درجہ حرارت میں نمایاں کمی ،عام زندگی متاثر

جموں//جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی طرح خطہ پیر پنچال کے دونوں اضلاع میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے مسلسل بارش اور برفباری کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق پہاڑی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں ہوئی بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کا معمولات زندگی بُری طرح سے متاثر ہو کر رہ گیا ہے ۔سرحدی ضلع پونچھ میں لگاتار ہوری شدیدبارش اور برفباری کے نتیجے میں عام زندگی متاثر ہو رہی ہے۔برفباری کے بعد مختلف مقامات کی رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق شدید برف باری اور زوردار بارش مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے کاروباری نظام پوری طرح مفلوج ہو گیا ہے۔اس دوران سرحدی ضلع کے دور دراز علاقہ جات کے لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ان کو ضروری سہولیات فراہم رکھی جائیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ برفباری کے دوران سڑکوں کی خستہ حالت ہونے کی وجہ سے دورداراز علاقہ میں بسنے والی عوام کو طبی سہولیات کی عدم دستیاب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے اگر کوئی آدمی اچانک بیمار ہوجائے تو اسے چار پائی پر آٹھا کر ہسپتالوں تک پہنچانا بہت ہی زیادہ مشکل ہوجاتا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ برف باری کے دوران دور دراز علاقوں میں بسنے والی عوام کو بنیادی سہولیات دستیاب کروانے کے اقدام اٹھائے جائیں تاکہ یہاں کی عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ضلع کے سرنکوٹ سب ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے برفباری کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کی وجہ سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ موسم میں آئی اچانک تبدیلی کی وجہ سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو چکا ہے ۔اسی طرح مینڈھر اور منڈی کے اکثر دیہات میں برفباری ہو رہی ہے جبکہ آخر ی اطلاع موصول ہونے تک برفباری اور بارش کا سلسلہ مسلسل جاری تھا ۔مینڈھر کے ڈنہ شاہستار ،بھمبر گلی اور سنگیوٹ علاقوں میں برفباری کیساتھ ساتھ بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔سرحدی ضلع پونچھ کیساتھ ساتھ راجوری ضلع کے پہاڑی علاقوں میں برفبار ی اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی میں کہا گیا تھا کہ 29 جنوری سے موسمی صورت حال میں واضع تبدیلی آنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے پہاڑوں پر برف باری اور میدانی علاقوں میں تیز بارشیں بھی ہو سکتی ہیں چنانچہ پیر کے روز اس پورے علاقے میں برف و باراں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس دوران پیر کے روز 29 جنوری صبح سے ہی بدھل ، بکوری ،کوٹرنکہ ،درہال، تھنہ منڈی، دہرہ کی گلی اور ضلع پونچھ کے تمام بالائی علاقوں میں ہلکی سے بھاری برفباری کا آغاز ہوا جو وقفے وقفے سے سارا دن جاری رہا۔ دوسری جانب میدانی علاقوں میں بھی دن بھر تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران بعض مقامات پر موسم قدرے صاف بھی ہوا تاہم وقفے وقفے کے بعد تیز بارشوں کا سلسلہ شام تک جاری رہا شام کے وقت ایک مرتبہ پھر گہرے بادلوں نے پورے علاقہ کو گھیر لیا۔ دریں اثناء سب ڈویژن تھنہ منڈی اور مضافات میں درجہ حرارت 4 سے 8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔مکینوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پھلے کئی عرصہ سے اس خطہ میں بارش نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ انتہائی خشک موسمی صورت حال سے عام زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں لوگ اپنے مال مویشیوں کے لئے دور دراز سے پانی لانے پر مجبور ہیں لہٰذا اس علاقے میں بارشوں کی اشد ضرورت ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خطہ پیر پنچال میں عام طور پر موسم خشک اور ٹھنڈا رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں مسلسل بارش اور بارفباری جاری رہی جبکہ ضلع کے میدانی علاقوں میں بارش کا عمل بھی جاری ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے ۔

 

موسمی خراب کیساتھ ہی لوگ بنیادی سہولیات سے محروم
عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کے متعدد علاقوں میں اتوار اور پیر کی رات سے ہی برف باری کا سلسلہ شروع ہو کر پیر کو پورے دن مسلسل جاری رہا ۔ضلع کی تحصیل منڈی کے علاقہ لورن کی عوام گزشتہ دو دنوں سے بجلی اور پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ لورن کے مکینوں کے مطابق انہیں انتظامیہ کی جانب سے راشن بھی مہیا نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کو سخت مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ لورن کے تانترے گام علاقہ سے تعلق رکھنے والے غلام محمد تانترے نے عوامی مشکلات کے حوالے سے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گزشتہ دو دنوں سے لورن میں بجلی کی سپلائی بند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو پینے کے پانی کی بھی سخت پریشانی آ رہی ہے جبکہ محکمہ امور صارفین کی جانب سے لورن کی عوام کو راشن بھی مہیا نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو روز سے شدید برف باری ہو رہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر شدید برف باری کو ہٹانے کے لئے اگر چہ محکمہ تعمیراتِ عامہ کے میکینکل وینگ کی جانب سے سنو کٹرز لگائے گئے ہیں مگر عوام بنیادی سہولیات سے کافی پریشان ہیں۔ لورن کی عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی صورتِ حال کے ہیشِ نظر عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات پہنچائی جائیں ۔

 

ہرنی ۔کیری رابطہ سڑک پسی آنے سے بند
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے متعدد علاقوں میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے ہو رہی شدید بارش کی وجہ سے جہاں عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے وہائیں سب ڈویژن کے ہرنی سے کیری جارہی رابطہ پسی آنے کی وجہ سے بند ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بارس کی وجہ سے سڑ ک کا ایک حصہ دھنس گیا جبکہ اس کے ملبے سے باقی سڑک بھی متاثر ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کے دونوں طرف گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک ایک وسیع علاقہ کی عوام کو فائدہ پہنچا رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے اعلیٰ آفیسران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی بحالی کیلئے جلدازجلد کام شروع کیا جائے ۔

 

کوٹرنکہ ۔خواص سڑک پرپتھر گر آئے
عام راہگیر پریشان ،ملبہ ہٹانے کا عمل شروع
سید زاہد
کوٹرنکہ//خطہ پیر پنچال کے موسم میں آئی تبدیلی اور بارش کی وجہ سے کوٹرنکہ سب ڈویژن اور خواص کے درمیان واحد سڑک ایل ڈی گلی میں پتھر گر آنے کی وجہ سے بند ہو گئی جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت بھی بند ہو کر رہ گئی ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ تحصیل خواص جانے والی رابطہ سڑک پر ایل ڈی گلی کے مقام سڑک پر پتھر گر آئے جس کی وجہ سے بعد دو پہر رابطہ سڑک گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ۔مقامی ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام نے سڑک سے برف ہٹانے کا عمل شروع کر دیا تھا جو کہ آخر ی اطلاع موصول ہونے تک مسلسل جاری تھا ۔سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا ۔

 

سڑک پر پھسلن سے بفلیاز کی 10پنچایتوں کے لوگ متاثر
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ سے بفلیاز جانے والی سڑک پر کشادگی کی تعمیر کا کام گزشتہ رو برسوں سے جاری ہے تاہم سڑک کا نکاسی نظام متاثر ہو نے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی شدید بارش اور ہلکی برفباری کی وجہ سے مذکورہ رابطہ سڑک پر شدید نوعیت کی پھسلن پیدا ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک نہ مکمل ہونے اور نکاسی نظام خستہ حال ہونے کی وجہ سے اس وقت لگ بھگ 10پنچایتوں کی عوام کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شدید پھسلن کی وجہ سے لوگ مریضوں کو ہسپتال تک بھی نہیں منتقل کر پارہے ہیں جبکہ اس کیساتھ ساتھ مذکورہ علاقوں میں ضروری اشیاء و دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر کرنے میں بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ اب ان کو بفلیاز پھاگلہ منڈی سڑک کے ذریعہ سفرکرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سڑک کو جلداز جلد قابل آمد ورفت بنانے کیساتھ ساتھ نکاسی نظام کو درست کیاجائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔