راجوری//پٹوار ایسوسی ایشن نے خطہ پیر پنچال میں اپنی ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے ۔راجوری میںپٹواریںنے ڈاک بنگلہ سے احتجاجی ریلی نکالی جو ڈی سی دفتر تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔پٹواری پچھلے تین روز سے کام چھوڑ ہڑتال پر ہیںاور وہ اپنے مطالبات کو پورا کرنے کی مانگ کررہے ہیں ۔پٹواریوںکی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ریاستی سرکار نے کئی بار ایسوسی ایشن کے مطالبات پورا کرنے کی یقین دہانی دلائی لیکن بات اس سے آگے نہیں بڑھ پائی اور کوئی عملی اقدام نہیں کیاگیا جس کی وجہ سے انہیں مجبورا ًاحتجاجی راستہ اختیار کرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کو چاہئے کہ وہ پٹواریوں کے جائز مطالبات کو پورا کرے تاکہ دوبارہ کام کاج شروع کیاجاسکے ۔وہیںپونچھ ضلع میں بھی پٹواری احتجاج کررہے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ حکومت اپنی یقین دہانیو ں پر عمل نہیں کررہی ہے اوران کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پے گریڈ میں اضافہ کیاجائے ،اہل ملازمین کو ترقی سے نوازاجائے ،نائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی پر پابندی عائد کی جائے اور پٹوارخانوں کا کرایہ ادا کیاجائے ۔پٹواریوںکی ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کومشکلات کاسامناہے اور ان کے کام نہیں ہورہے ۔مینڈھر میں پٹواری ہڑتال پر ہیں ۔