جاویدراناکا اظہار تعزیت
مینڈھر//مینڈھر کے سماجی کارکن و ریٹائرڈ فارسٹر حاجی غلام نبی خان کے انتقال پر ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا اور نیشنل کانفرنس کے دیگرعہدیداران نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نیک سیرت اور نہایت ہی ایماندار شخصیت کے مالک تھے ۔انہوںنے کہاکہ مرحوم حاجی غلام نبی خان نے اپنی پوری زندگی سماجی برائیوں کے خاتمے اور غریب پروری کی خاطر وقف کردی جس کو سماج ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کے انتقال سے سماج میں جو خلا پیدا ہوا ہے ،اس کی ماضی قریب میں بھرپائی ہونا ناممکن ہے۔ جاوید رانا نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کے حضور التجا ہے کہ خالق کائنات مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ نصیب فرمائے اورلواحقین کو صبر جمیل کی تو فیق عطا ہو۔
این سی لیڈر کے بیان کی مذمت
پونچھ//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع جنرل سیکریٹری تنویر احمد ڈار نے سابق ممبراسمبلی و این سی لیڈراعجاز احمد جان کے سڑکوں کی تعمیر سے متعلق بیان کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک پریس بیان میںڈار نے کہا کہ حکومت اور محکمہ تعمیراتِ عامہ سے حساب مانگنے اور الزام لگانے سے قبل اگر جان اپنا گریبان دیکھ لیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ اُنہوں نے کہا کہ پی۔ڈی۔پی کے محض ڈھائی سالہ دورِ حکومت میں عوامی فلاح و بہبودی کے کاموں میں آئی تیزی سے نیشنل کانفرنس کے لوگ اس طرح بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کہ کشادہ اور معیاری سڑکوں پر چلنے کے باوجود اُنہیں سڑکیں دکھائی ہی نہیں دے رہیں۔ تنویر ڈار نے کہا کہ اب عوام کے لئے مگر مچھ کے آنسو بہانے کا کیا فائدہ جب کہ نیشنل کانفرنس نے پونچھ میں اپنے اٹھارہ سالہ دئو ر ِ اقتدار میں اِن سڑکوں کی نہ ہی کشادگی کا سوچا اور نہ ہی ان کی معیاری میکڈامائزیشن کی۔ تنویر ڈار نے کہاکہ نیشنل کانفرنس لیڈر حویلی حلقہ کی سڑکوں کی بات چھوڑیں اور صرف اپنے حلقہ پنچایت گگڑیاں سائوجیاں کا بتائیں کہ براڑی گائوں میں سڑک پہنچانے کا خواب دکھا کر لاکھوں روپے کس نے ہڑپ کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ علاقہ کینٹھ، وزلی اور سینٹر گگڑیاں میں پیدل چلنے والوں کے لئے جو اپنے اٹھارہ سالہ دئورِ اقتدار میں راستہ تک تعمیر نہ کرا سکے اُنہیںایسی باتیں کرنی زیب نہیں دیتی۔ ڈارنے کہا کہ ایم ایل اے حویلی شاہ محمد تانترے کی طرف سے پونچھ کی ترقی کے لئے اُٹھائے گئے انقلابی اقدامات سے ہر گائوں تک سڑکوں کا جال بِچھ رہا ہے لیکن نہ جانے نیشنل کانفرنس کے اِ ن تنگ نظر لیڈران کو یہ سب کُچھ نظر کیوں نہیں آتا۔
منڈی میں دو نقب زن گرفتار
عشرت بٹ
منڈی//پولیس نے گزشتہ دنوں منڈی میں رونما ہوئی چوری کی ورادتوںمیں ملوث دو نقب زنوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔ایس ایچ او منڈی ایم ڈی خان کی سربراہی میں دو چوروں کو گرفتار کیاگیا جن سے کچھ موبائل فون ضبط ہوئے ہیں۔ان نقب زنوں کی شناخت حق نواز ولد عبدالعزیز ساکنہ سہڑی خواجہ اور محمد نصیر ولد شیر محمد ساکنہ سواری تحصیل بکوری ضلع راجوری کے طور پر کی گئی ہے ۔ان کے خلاف پولیس تھانہ منڈی میں ایف آئی آر زیر نمبر81زیر دفعات457/380 آر پی سی کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ایس ایچ او منڈی نے بتایاکہ نقب زنوں نے منڈی میں رونماہوئی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اقرار کیاہے اور اب پولیس کو ممتاز احمد اور شوکت حسین نامی دو افراد کی تلاش ہے ۔
سہڑی خواجہ میں محفل میلاد کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//سہڑی خواجہ میں جشن عید میلادالبنی ؐ کے سلسلے میں ایک محفل منعقد ہوئی جس میں مولانا سید بشارت حسین کے علاوہ جامع مسجد پونچھ کے امام و خطیب مولانا فاروق حسین مصباحی، مولانا عبدالرشید نعیمی،مولانا عبدالمجید رضا، حافظ مجید احمد مدنی،مولانا قاری محمود رضا نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر مرادآباد سے نعت خواں سید عبدالجبار بھی موجو دتھے ۔مقامی لوگ جلوسوں کی شکل میں جامع مسجد اویس قرنی پہنچے جہاں میلاد کا پروگرام منعقد ہوا۔محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے علماء نے کہا کہ میلاد یعنی یوم دلادت منانا مسلمانوں کیلئے باعث خیر و برکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہؐ کی تعلیمات ہی عالم انسانیت کیلئے باعث کامیابی، فتح و نصرت ہیں۔ پروگرام میں محمد عباس ملک، فاروق ملک سمیت کئی معززین موجود تھے۔ آخر میں جامع مسجد اویس قرنی کے امام و خطیب مولانا محمد ریاض رضا نعیمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
ہیروئن سمیت منشیات فرو ش گرفتار
پونچھ //پونچھ میں پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتا رکرتے ہوئے اس کی تحویل سے 540گرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔پولیس کے مطابق منشیات مخالف مہم جاری رکھتے ہوئے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کی ہدایت پر ایس او جی اور پولیس کی مشترکہ پارٹی نے ایس ایچ او پونچھ اجے جموال کی قیادت و ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر شاہد نعیم و ڈی وائی ایس پی آپریشن ڈاکٹر سلیم بٹ کی نگرانی میں ناکہ لگاکر چیکنگ کی جس دوران قمر دین ولد امر دین ساکن ہاڑی بڈھا کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی جس کی تحویل سے 540گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس تھانہ پونچھ میں ایف آئی آرزیر نمبر 176 /17زیر دفعات 8/21/22این ڈی پی ایس ایکٹ کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔
’3سال میں منجاکوٹ میں ایک بھی کام نہ ہوا‘
مقامی کانگریس کارکنان کا الزام
پرویز خان
منجاکوٹ// منجاکوٹ کے مقامی کانگریس کارکنان نے حکومت پر علاقے کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ تین سال میں یہاں ایک بھی کام نہیںہوا جس سے اس حکومت کی کارکردگی کا پتہ چلتاہے ۔ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کارکنان نے کہا کہ ریاستی مخلوط سرکار نے تین سال کے دوران منجاکوٹ میں تعمیراتی کاموں میں ذرا بھی دلچسپی نہیں دکھائی اور نہ ہی عوام کے کام کاج کئے گئے ہیں ۔ عبدالرحمن اور منشی خان نے کہا کہ سرولہ روڈ کاکام ہونا باقی ہے اور سڑک کی تعمیر نہ ہونے سے بہت بڑی آبادی متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ منجاکوٹ میں جو حال سڑکوں کا ہے وہی صورتحال بجلی اور پانی کی سپلائی کی بھی ہے لیکن افسوسناک بات ہے کہ حکومت بہتری کے اقدامات نہیں کررہے اور اس سلسلے میں ادنیٰ سے کوشش بھی نہیں ہورہی ۔انہوں نے کہا کہ راجدھانی دھار گلی روڈبھی التوا میں پڑی ہوئی ہے جس پر ضلع انتظامیہ اور حکام کوئی توجہ نہیں دے رہے ۔انہوںنے کہاکہ منجاکوٹ کے عوامی مسائل کو حل کیاجائے اور ترقیاتی پروجیکٹوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔
ڈاکٹر ماگرے کیساتھ اظہار ہمدردی
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کی متعدد تنظیموں نے ڈاکٹر ایم بی ماگرے کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیاہے۔ ڈاکٹر محمد بشیر ماگرے ریٹائرڈ پرنسپل کی والدہ ماجدہ کا پیر کے روز تھنہ منڈی کے دوداسن پائین میں انتقال ہو گیا۔ مرحومہ کی عمر 90 سال تھی۔ مرحومہ کو اپنے آبائی علاقہ میں پرنم آنکھوں کے ساتھ سپردخاک کیا گیا ۔ان کی نماز جنازہ میں سیاسی کارکنان،پنچایتی نمائندگان اور عزیزو اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس سلسلے میں مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی،غوثیہ جامع مسجد غوث نگر تھنہ منڈی ، ڈگری کالج طلبا یونین، بیو پار منڈل تھنہ منڈی،سیول سوسائٹی، نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی کارکنان نے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میںلواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔
حکومت معیاری تعلیم فراہم کرنے کی وعدہ بند:کوہلی
رہبر تعلیم اساتذہ میں باقاعدگی کے آڈر تقسیم کئے
راجوری//پشو و بھیڑ اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کالا کوٹ میں حلقہ سے تعلق رکھنے والے 15رہبر تعلیم اساتذہ کے باقاعدگی کے حکمنامے تقسیم کئے۔اس موقعہ پر وزیرنے آر ای ٹی کے کام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ طلاب کو معیاری اور اخلاقی تعلیم سے روشناس کرانے میںاہم رول ادا کرتے ہیں۔انہوںنے اساتذہ برادری پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے معیار میں از حد اضافہ کرانے کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں تاکہ یہاں کے طلاب ریاستی ، قومی اور بین الاقوامی سطحوں پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواہاسکیں۔کوہلی نے کہا کہ حکومت نے بنیادی سطح پر تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں اور اس حوالے سے کالا کوٹ حلقے خاص طور سے دیہی اور پہاڑی علاقوں میں سکولوں کا درجہ بھی بڑھایا جارہا ہے۔ بعد میں وزیر نے سمبل گالہ گائوں میں ایک عوامی اجتماع سے بھی خطاب کیا اور موجودہ حکومت کی حصولیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے تینوں خطوں میں لوگوں کو ہرطرح کی بنیادی سہولیات بہم پہنچانے کی وعدہ بند ہے۔ اس دوران مقامی لوگوں نے اپنے اپنے مسائل سے وزیر کو آگاہ کیا اور انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
پروفیسر رزاق سے اظہار تعزیت
پونچھ//گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے شعبہ باٹنی کے پروفیسر محمد رزاق کی جواں سال اہلیہ کے انتقال پرکالج کے پرنسپل پروفیسر سید مسرف حسین شاہ کی قیادت ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔اس موقعہ پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے نہایت ہی رنج وغم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر محمد رزاق کی جواں سال اہلیہ کی اچانک موت پروفیسر موصوف کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے جس کا انہیں پورا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ اللہ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کوصبر جمیل عطا ہو۔مسرف حسین شاہ نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر مرحومہ کو جانتے تھے اوروہ ایک پڑھی لکھی اور سمجھدار خاتون تھی جن کی موت سب کیلئے دکھ کی بات ہے ۔اس دوران مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔