جموں //گوجربکروال مشاورتی بورڈکے وائس چیئرمین گلزارکھٹانہ نے کہاہے کہ حکومت خانہ بدوش گوجربکروال بستیوں اورگوجربکروال ہوسٹلوں میں زیرتعلیم طلباء کوبہترسہولیات فراہم کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔یہاں جاری ایک پریس ریلیزکے مطابق گوجربکروال مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین گلزارکھٹانہ نے کولگام میں ایک گوجربستی کے دورے کے دوران کہاکہ بورڈکی جانب سے مختلف اضلاع کی بورڈمیٹنگوں مثلاً،جموں ،ریاسی،راجوری اورکولگام میں گوجربکروال بستیوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اوردیگرترقیاتی امورات کوبہترڈھنگ سے اُجاگرکیا۔انہوں نے کہاکہ بورڈکی منشاہے کہ وہ دوردرازگوجربکروال بستیوں میں بہترسہولیات کی فراہمی کویقینی بنائے۔انہوں نے کہاکہ مختلف اضلاع میں ماڈل ٹرائبل کلسٹرولیجزبھی قائم کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ بورڈ کی جانب سے طبقہ کی بہبودکیلئے اقدامات اٹھانے کے سلسلے میں کوئی کسرباقی نہیں رکھی جائے گی۔گلزارکھٹانہ نے کہاکہ گوجربکروال ہوسٹلوں میں طلباء کوبہترسہولیات کیلئے بورڈنہایت سنجیدگی سے کام کررہاہے ۔انہوں نے ہوسٹل وارڈنوں پرزوردیاکہ وہ طبقہ کے طلباء کے اذہان کی پرورش میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال ہوسٹلوں میں زیرتعلیم طلباء طبقے کی تقدیرکوسنوارنے میں نمایاں رول اداکرسکتے ہیں۔کھٹانہ نے طلباء سے تلقین کی کہ وہ اپنی محنت شاقہ سے تعلیم حاصل کریں، طبقہ کوکامیابی کی اونچائیوں سے ہمکنار کرنے کیلئے اپناتعاون دیں۔اس سلسلے میں گوجربکروال مشاورتی بورڈکے سیکریٹری مختاراحمدچوہدری نے کہاکہ ہوسٹلوں میں بہترسہولیات،ڈھانچے اورشاندارتعلیم وتربیت اورانتظام وانصرام یقینی بنانے کیلئے بورڈ کی ٹیم نے مختلف گوجربکروال ہوسٹلوں کے دورے کیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہوسٹلوں کی حالت کوبہتربنانے کے سلسلے میں بورڈنے ہرممکن اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے ہوسٹلوں کے طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ وقت کی قدرکریں اورسنجیدگی سے تعلیم حاصل کرکے اپنامستقبل سنوارنے کے ساتھ گوجربکروال طبقہ کی بہبوداورترقی میں اپناتعاون دیں۔