جموں//ممبراسمبلی نگروٹہ ونیشنل کانفرنس کے صوبائی صدردویندرسنگھ رانانے حکومت سے سابق مخلوط حکومت کی جانب سے قائم کی گئی انتظامی اکائیوں بشمول جندراہ کوقابل کار بنانے کامطالبہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں پی ڈی پی۔بی جے پی حکومت کا غیرلچکداررویہ اورغیرمناسب پالیسی ریاست گیراحتجاج کاموجب بن سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگرسندربنی،نوشہرہ اورکالاکوٹ میں احتجاج ہورہے ہیں توجندراہ ودیگرعلاقوں میں بھی ہوسکتے ہیں۔دویندرسنگھ رانا ان خیالات کااظہار نگروٹہ اسمبلی حلقہ میں سوئی بائولی کے مقام پر پیدل پُل کاسنگ بنیادرکھنے کے بعدحاشیے پربات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے حکومت کوانتباہ دیاکہ تحصیل جندراہ کوقابل کاربنایاجائے یااحتجاج کاسامناکیاجائے۔اس موقعہ پررانا نے بی جے پی سے کہاکہ وہ اس بات کی جلدوضاحت کرے کہ ریاست کے سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کے دور اقتدارمیں معرض وجود میں لائی گئی تحصیل میں اس وقت تک کسی تحصیلدارکو تعینات کیوں نہیں کیاگیاجبکہ پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت نے بھدرواہ میں اسسٹنٹ کمشنرڈیولپمنٹ تعینات کرنے میں غیرمعمولی دلچسپی کامظاہرہ کیا۔لیکن حلقہ انتخاب نگروٹہ کے علاقہ جندرہ میں قائم کیاگیاتحصیل دفتر ابھی تک تحصیلدارکے بغیر ہے ۔راناناگولہ ،دھن اور جندراہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے انتظامی یونٹوں میں ابھی تک درکارعملہ تعینات نہیں کیاگیاہے۔رانانے کہاکہ عمرعبداللہ کی قیادت والی سرکارنے ریاست میں نوسب ڈویژن، پچاس تحصیلیں اور99نیابتیں معرض وجودمیں لائی تھیں جن میں نگروٹہ کوسب ڈویژن کادرجہ ،جندرہ کوتحصیل کادرجہ دینے اورشبہ اورکٹھار میں نئی نیابتیں وجودمیں لانابھی شامل ہے۔رانانے کہاکہ بی جے پی کی جانب سے جموں کے ساتھ روارکھے جارہے رویہ کی وجہ سے بات کھل کرسامنے آگئی ہے جولوگ اپنے آپ کوجموں کے لوگوں کاہمدردکہتے ہوئے تھکتے نہیں تھے وہی ان کے مفادات کے ساتھ کھلواڑکررہے ہیں۔ رانانے کہاکہ انہوں نے جموں کے لوگوں کے ان مسائل کوقانون سازیہ میں بارباراٹھایامگرسوائے یقین دہانی کے کچھ بھی حاصل نہ ہوا۔ اس موقعہ پرعوام کی جانب سے پیش کئے گئے متعددمسائل کے بارے میں رانا نے متعلقہ حکام کے ساتھ یہ مسائل اٹھانے اورانہیں حل کروانے کایقین دلایا۔قبل ازیں رانانے لوگوں کوپیدل چلنے کیلئے سوئی باولی کے مقام پرپیدل پل کاسنگ بنیادرکھاجوکہ 21.40لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیرہوگا۔اس دوران سوم ناتھ کھجوریہ، محمدعالم، کشوری لال، رام پرشوتم شرما، محمدسلیم، بلدیوسنگھ،اونکارسنگھ،شیرعلی، اخلاق شکیل،پرکاش ،سردارعلی، سدرشن سنگھ ،بابورام، شمشیر،پرویزعلی ودیگران بھی موجودتھے۔