جموں//سابق وزیر اور کانگریس کے لیڈررمن بھلہ نے کہا ہے کہ پی ڈی پی ۔بی جے پی کی مخلوط سرکار جموں کے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔رمن بھلہ بھٹنڈی میں عوام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنچائتی اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں تاخیر ہوگئی ہے مگر یہ حکومت ابھی تک سوچ وچار میں پڑی ہوئی ہے۔اور ان اہم بنیادی جمہوری اداروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے ریاست میں تعمیر وترقی کا عمل ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے کیونکہ مرکزی سرکار نے ان اداروں کے وجود میں نہ ہونے کے کارن مالی گرانٹ بند کر دی ہے۔اور پھر پنچائت راج ایکٹ کے تحت سٹیٹ الیکشن کمیشن تشکیل نہیں دیا جاسکا ہے۔بھلہ نے کہا کہ اگر ان اداروں کے انتخاباب عمل میں نہ لائے گئے تو ریاست کو 14ویں مالی کمیشن کی جانب سے حاسل ہونے والی4000کروڑ کی رقم سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔بھلہ نے کہا کہ پنچائتوں کے لئے زائد از 3117اور بلدیاتی اداروں کے لئے 1044کروڑ روپئے کی رقومات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے لوگوں کو دیگر متعدد مشکلات کا سامنا ہے جن میں پینے کے پانی کی کمی، بجلی کی بغیر شیڈول کے بار بار کٹوتی،راشن کی کمی اور جموں کے نوجوانوں کی بے روزگاری سب سے بڑا مسلہ ہے اور مخلوط سرکار اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بے روز گاری کے مسئلے کو حل کرنے میں مرکزی اور ریاستی دونون سرکاریں ناکام ہو چکی ہیں۔