غزہ //مصر کے خفیہ ادارے کے سربراہ عباس کامل حماس کے ساتھ مذاکرات کے لیے غزہ پہنچے ہیں۔ہوٹل میں کامل کا استقبال حماس کے قائدین کے وفد نے کیا جس کی سربراہی غزہ میں اس گروپ کے سیاسی بیورو کے سربراہ یحیی سنور کر رہے تھے۔وہ بطور اعلیٰ مصری حکومتی عہدیدار، غزہ کا دورہ ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب غزہ اور حماس کے حوالے سے حکومتی بیانیہ تبدیل ہوا ہے جو جنگ اور 21 مئی کو کی جانے والی جنگ بندی کا نتیجہ ہے۔مصر ایک لمبے عرصے کے لیے ایسی جنگ بندی کا معاہدہ چاہتا ہے جو سکیورٹی اور استحکام کے ساتھ ساتھ تعمیر نو کے لیے بھی راہ ہموار کرنے کی ضمانت دے۔ملاقات میں حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں غزہ میں ہونے والی آخری لڑائی سے پہلے کچھ پیش رفت دیکھی گئی تھی۔حماس کے سیاسی بیورو کے رکن خلیل الحیی نے عباس کامل سے ملاقات کے بعد کہا کہ ’یہ کوئی راز کی بات تو نہیں ہے کہ آخری لڑائی سے پہلے قیدیوں کے تبادلے کے معاملے پر پیش رفت ہوئی تھی لیکن ایسا نہیں لگتا کہ اسرائیل کسی نئے معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہے۔‘عباس کامل نے اپنے دورے کے آغاز میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی تھی۔