پونچھ // جدید سہولیات سے لیس حضرت علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی پونچھ کی سالانہ تقریب زیر قیادت بانی و مدیر اعلیٰ مولانا حافظ شہزاد انوری منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد اور مہمان اعزازی کی حیثیت سے اے ایس پی انوار الحق نے شرکت کی،جبکہ اس موقعہ پر ضلع پونچھ کی معروف سماجی، سیاسی اور ادبی شخصیات کے علاوہ طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا بعد از آں حمد و نعت کے نذرانے پیش کئے جس کے بعد اکیڈمی میں زیر تعلیم طلبا کی جانب سے دلفریب مظاہرے کئے گئے جن کی سامعین نے کھل کر داد وتحسین پیش کی۔ اس دوران شہزاد انوری نے خطاب کرتے ہوئے اکیڈمی کے ایک سال مکمل ہونے پر اس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں ہیںکہ جو بچے مستقبل میں آئی اے ایس، کے پی ایس، آئی پی ایس اور کے اے ایس کریں ، ان کے نام کے ساتھ قاری، حافظ بھی لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اس خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے میں بیس سال لگیں گے لیکن انہیں پوری امید ہے کہ وہ ضرور کامیابی حاصل کریں گے۔ بعد از آں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے خطاب کرتے ہوئے مولانا شہزاد انوری کے اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی کہ انہوں نے ضلع کے طلباء کوایک بہترین ادارہ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دینی اور عصری تعلیم کا اہتمام کر کے انہوں نے دور حاضر کی اہم ضرورت کو پورا کیا ہے۔اس دوران اے ایس پی انوار الحق، پروفیسر امجد علی بابر، افتخار علی بزمی ،احتشام حسین بٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کر کے مولانا شہزادانور کو اس ادارہ پرمبارک باد پیش کی۔ اس دوران حالیہ امتحانات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ اکیڈمی میں تعینا ت معلم اور معلمات اور دیگر عملہ کو بھی انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ اس دوران سیدہ حبیبہ کرمانی اور مصباح خاتون نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔