کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ واڑون سے تعلق رکھنے والی ایک حاملہ خاتون کو بذریعہ جہاز منتقل کرنے کیلئے انتظامیہ نے 3روز لگاے۔ واڑون کے مقامی لوگوں نے ہیلی پیڑ کے باہر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا جسکے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور خاتون کو ضلع ہسپتال منتقل کرنے کیلئے جہاز بھیجا گیا۔ جسکے بعد اسے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس خاتون نے بچے کو جنم دیا جسکی موت واقع ہوئی۔احتجاج کررہے مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 3 روز سے ضلع ترقیاتی کمشنر سے فریاد کررہے تھے کہ حاملہ خاتون کو مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کیا جاے تاکہ اسکی جان بچائی جاسکے لیکن انتظامیہ بہانے بنا کر انھیں منتقل نہیں کررہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی علاقہ میں اس طرح کے واقعات رونما ہوئے ہیں اور انتظامیہ کی غفلت شعاری کے سبب کئی جانیں ضائع ہوئی ہیں ۔ڈی ڈی سی ممبر مڑواہ ظفر شیخ نے بتایا کہ انتظامیہ اگر ضلع ہیڈکوارٹرکشتواڑ پر ہی جہاز رکھنے کا انتظام رکھتی تو مڑواہ ،واڑون و دچھن کے لوگوں کو انکے گھروں تک پہنچانے میں آسانی ہوجاتی۔ انھوں نے بتایا کہ ان دورافتادہ علاقہ جات سے لوگ اپنے علاج و معالجے کیلئے ہیڈکوارٹر آتے ہیں جسکے بعد انھیں کئی ہفتوں تک یہی درماندہ ہوکر رہنا پڑتاہے جبکہ ابھی بھی 300 کے قریب افراد یہاں درماندہ ہیں۔ انھوں نے لیفٹنٹ گورنر سے مانگ کی کہ ان علاقہ جات کی طرف توجہ مرکوز کی جانی چاہئے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔