عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے بحرین میں ملازمت دلانے کے نام پر متعدد نوجوانوں سے لاکھوں روپے کی مبینہ دھوکہ دہی کرنے اور جعلی ویزے، جعلی جاب آفر لیٹرز اور دیگر فرضی سفری دستاویزات فراہم کرنے کے الزام میں سری نگر کے ایک شخص کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔
ای او ڈبلیو کشمیر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ نے ایف آئی آر نمبر67/2021 زیر دفعات 420/RPC، 468 اور 471کے تحت فیاض احمد زرگرولد محمد شفیع زرگر، ساکن قطب دین پورہ، عالی کدل، جامع مسجد، سری نگر کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، سری نگرکی عدالت میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔ ملزم پر دھوکہ دہی اور جعلسازی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مقدمہ ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم، جو ایچ آر چوائس انٹرنیشنل ایجوکیشن کنسلٹنسی کے نام سے کرن نگر، سری نگر میں دفتر چلا رہا تھا، نے شکایت کنندہ کو بحرین میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر رقم وصول کی۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے نہ صرف شکایت کنندہ بلکہ کئی دیگر افراد کو بھی اسی طریقے سے دھوکہ دیا، ان سے لاکھوں روپے وصول کیے اور انہیں جعلی جاب آفر لیٹرز، ویزے، ہوائی ٹکٹ اور دیگر فرضی دستاویزات فراہم کیں۔
بیان کے مطابق، دھوکہ دہی کو معتبر ظاہر کرنے کے لیے متاثرین سے آن لائن انٹرویوز کروائے گئے، طبی معائنے (میڈیکل ٹیسٹ) کرائے گئے اور مختلف معاہدوں پر دستخط بھی لیے گئے، تاہم بعد ازاں نہ تو کسی کو ملازمت فراہم کی گئی اور نہ ہی وصول کی گئی رقم واپس کی گئی۔
ای او ڈبلیو کے مطابق، تحقیقات کے دوران الزامات درست پائے گئے، جس کے بعد تمام قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے مجاز عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی گئی تاکہ مقدمے کی عدالتی سماعت عمل میں لائی جا سکے۔
اقتصادی جرائم ونگ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے مالی فراڈ کرنے والوں سے ہوشیار رہیں اور اس نوعیت کے کسی بھی واقعے کی اطلاع فوری طور پرایس ایس پی، ای او ڈبلیو کشمیر، کرائم برانچ جموں و کشمیرکو دیں۔ دھوکہ دہی کے متاثرین اپنی شکایات ای میل [[email protected]](mailto:[email protected])پر بھی ارسال کر سکتے ہیں۔