سرینگر//مرکزی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ انجینئرنگ کے داخلہ امتحان ’JEEمینز‘میں کل 44 امیدواروں نے 100 فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں جبکہ 18 امیدواروں نے مشترکہ طور پر اول پوزیشن حاصل کی۔اس سال کے آغاز سے ، مشترکہ داخلہ امتحان،مینز سال میں چار بار منعقد کیا جاتا تھا تاکہ طلبائء کو اپنا مستقبل بہتر بنانے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ پہلا مرحلہ فروری میں اور دوسرا مارچ میں ہوا۔اگلے مرحلے اپریل اور مئی کے لیے شیڈول کیے گئے تھے لیکن کوویڈکی دوسری لہر کے پیش نظر ان کو ملتوی کردیا گیا ۔تیسرا ایڈیشن 20-25 جولائی جبکہ چوتھا ایڈیشن 26 اگست سے 2 ستمبر تک منعقد ہوا۔پہلے سے بنائی گئی پالیسی کے مطابق’ این ٹی اے‘ کے چار سکور میں سے بہترین کو مدنظر رکھتے ہوئے امیدواروں کے درجوں کو جاری کیا گیا۔یہ امتحان 13 زبانوں میں لیا گیا ،جن میں انگریزی ، ہندی ، اردو،گجراتی ، آسامی ، بنگالی ، کنڈا ، ملیالم ، مراٹھی ، اوڈیہ ، پنجابی ، تمل اور تلیگو شامل ہیں۔’جے ای ای‘ مینز کے چار ایڈیشنز میں 9.34 لاکھ سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا۔