یواین آئی
نئی دہلی// وزارتِ اقلیتی امور کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر کمار کی صدارت میں ہفتہ کے روز ممبئی میں جیو پارسی مشاورتی کمیٹی کی دوسری میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پارسی آبادی میں کمی کے اسباب پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ وزارتِ اقلیتی امور کے مطابق اجلاس کے دوران پارسی آبادی میں کمی کے مختلف عوامل پر جامع تبادلۂ خیال کیا گیا جن میں آبادیاتی رجحانات، تاخیر سے شادیاں، سماجی و معاشی چیلنجز اور بدلتے ہوئے سماجی ڈھانچے شامل ہیں۔ متعلقہ فریقین نے مربوط پالیسی تعاون اور کمیونٹی کی شمولیت کے ذریعے ان مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ کمیٹی نے پارسی برادری میں بروقت اور جلد شادیوں کے طریقوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ ان میں بیداری مہم کو مؤثر نفاذ، مشاورت اور شادی بیاہ میں تعاون کو وسعت دینا، پنچایتوں اور اداروں کے ذریعے کمیونٹی سطح پر شرکت کو فروغ دینا اور پارسی نوجوانوں و خاندانوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا شامل ہے ۔ ڈاکٹر کمار نے پارسی کمیونٹی کے ارکان خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ این ایم ڈی ایف سی کی جانب سے اسٹارٹ اپس، خود روزگار اور ہنر پر مبنی کاروباری اداروں کے لیے فراہم کردہ رعایتی قرضوں اور انٹرپرینیورشپ سپورٹ سے استفادہ کریں۔