عظمیٰ نیوز سروس
چترا//رانچی سے دہلی جانے والی ایئر ایمبولینس جھارکھنڈ کے چترا ضلع میں گر کر تباہ ہو گئی۔ طیارے میں سوار تمام سات افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں مریض، دو اہل خانہ، دو ڈاکٹر، اور دو پائلٹ شامل ہیں۔ یہ حادثہ چترا ضلع کے سماریا تھانہ حلقے میں کسیاتو کے تحت کرماٹنڈ جنگل میں پیش آیا۔ طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ گاؤں والوں کی مدد سے جائے وقوع پر پہنچی اور بچاؤ اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ آپریشن کے دوران ضلع انتظامیہ کی ٹیم نے طیارے سے تمام سات لاشیں نکال لیں جن میں چھ مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔پولیس نے احتیاطی اقدام کے طور پر جائے وقوع اور آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایک فرانزک ٹیم کو بھی جائے حادثہ پر بلایا گیا ہے تاکہ واقعے کی ہر ممکن پہلو سے تفتیش کی جا سکے۔ چترا کے ڈی سی کیرتی شری جی، ایس پی سمیت کمار اگروال، ایڈیشنل کلکٹر اروند کمار، سمریا کے ایس ڈی او مہیشوری یادو، چھ سے زائد بی ڈی اوز اور سی اوز کے ساتھ ساتھ کئی تھانوں کے پولیس اور نیم فوجی اہلکار جائے وقوع پر موجود ہیں۔ سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ تباہ شدہ طیارے سے مرنے والوں کی لاشیں نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال چترا بھیج دی گئی ہیں۔جانکاری کے مطابق ریڈ برڈ ایوی ایشن کمپنی کا طیارہ رانچی سے دہلی جا رہا تھا۔ دریں اثنا، شام 7:30 بجے چترا ضلع کے سمریا تھانہ حلقے میں کرماٹانڈ جنگل کے قریب اس کا اچانک ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطہ منقطع ہو گیا اور طیارہ قابو سے باہر ہونے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ متاثرہ خاندان کے مطابق جہاز میں کل سات افراد سوار تھے۔ رابطہ منقطع ہونے کے فوری بعد ایوی ایشن حکام نے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔متعلقہ اداروں نے ریڈار ڈیٹا اور آخری معلوم مقام کی بنیاد پر طیارے کی تلاش شروع کر دی۔ سکیورٹی ایجنسیاں اور محکمہ شہری ہوا بازی کے اہلکار بھی کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تصدیق اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کے لیے صورت حال پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ ملبہ برآمد ہونے کے بعد ریسکیو شروع کیا گیا۔ وہیں ایئر ایمبولینس حادثے کے حوالے سے چترا صدر اسپتال کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پنکج نے طیارے سے سات لاشوں کی برآمدگی کی تصدیق کی ہے۔