ڈوڈہ //ٹھاٹھری کی تحصیل فیگسو کے گاؤں خانپورہ سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ سجاد احمد خان ولد نذیر احمد خان کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔مرحوم انتہائی شریف، ملنسار و خوش مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ وہ کافی عرصہ تک چناب ٹی وی نامی نجی ویب پورٹل سے بھی جڑے رہے اور اپنے علاقہ کے مسائل ابھارنے میں ہر وقت پیش پیش رہتے تھے۔مرحوم محکمہ جل شکتی کی لیبارٹری میں عارضی طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے اور جمعرات کو اپنے دفتر میں ہی اچانک دل کا دورہ پڑا اور داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔مرحوم کی نماز جنازہ جمعہ کے روز اپنے آبائی گاؤں میں ادا کی گئی اور وہیں پر پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی وفات پر متعدد سیاسی، سماجی و صحافتی برادری سے وابستہ شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔اپنے الگ تعزیتی پیغام میں سابق وزیر غلام محمد سروڑی،صدر چناب ویلی جرنلسٹ ایسوسی ایشن نصیر احمد کھوڑا، ڈائریکٹر چناب ٹی وی سید ریاض، صحافی و قلمکار اشتیاق احمد دیو، سینئر صحافی فیاض احمد پانپوری، اپنی پارٹی ضلع صدر اصغر کھانڈے ،چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹھاٹھری منصور احمد، زونل صدر پی ڈی پی طالب حسین بٹ، این ایچ ایم یونین لیڈر فیضان ترمبو نے سجاد احمد کی اچانک وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔