یو این آئی
مکہ مکرمہ//مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے امام مسجد نبویؐ عبدالرحمن الحذیفی نے کہا ہے کہ اے ایمان والو، اللہ سے ڈرو اور تقوی اختیار کرو، اے ایمان والو، عہد کی پاسداری کرو۔امام مسجد نبوی ؐعبدالرحمن الحذیفی کا کہنا ہے کہ تقوی اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے، کسی کو اللہ تعالی کا شریک نہ ٹھہرایا جائے، رب کے سوا کسی غیر کی عبادت مت کرنا۔ خطبہ حج میں امام مسجد نبویؐ عبدالرحمن الحذیفی نے کہا کہ توحید پر عمل درآمد اہل ایمان کا خاصا ہے، ایمان والوں کے سامنے اللہ کی آیات پیش کی جائیں تو ان کے دل نرم پڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے آخری رسول ہیں، وہ خاتم النبیین ہیں، مسلمانوں کو ہر مصیبت میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، صبر کرنے والوں کے لیے اللہ تعالی نے اجر عظیم کا وعدہ کیا ہے۔ ہمیشہ سچ بولیں اور غلط بیانی سے گریز کریں، بدعت اور غیبت سے دور رہو۔امام عبدالرحمن الحذیفی نے کہا ہے کہ حجاج کرام ہر لمحہ مغفرت کی دعا کرتے رہیں، حجاج کرام اللہ تعالی کے ذکر اور عبادات میں مصروف رہیں، نماز قائم کریں، اللہ تعالی کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھائیں۔ امام مسجد بنویؐ کا کہنا ہے کہ جن قوموں نے ظلم کیا اور ناشکری کی ان سے نعمتیں چھین لی گئیں، اللہ اور بندے کا تعلق نجات کا ذریعہ ہے، اے ایمان والو، اپنے رب کے ساتھ جڑے رہو، حج کے دوران کسی قسم کی لڑائی جھگڑے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ تقوی اختیار کرنے والوں کو جنت کی نوید سنائی گئی ہے، آج کے دن کثرت کے ساتھ دعائیں کی جائیں، کسی بھی ایسے عمل سے گریز کریں جس سے وحدت کو نقصان پہنچے، حجاج کرام مناسک حج بہترین انداز میں ادا کریں۔ خطبہ حج کے دوران دعا کرتے ہوئے امام مسجد بنوی ؐ نے کہا کہ اللہ تعالی مسلمانوں کے حالات پر رحم فرمائے، اللہ تعالی ہی دعائیں قبول کرنے والا ہے، اے اللہ، ہمارے گناہ معاف فرما، یا اللہ، مسلمانوں کے حالات کو بہتر کر دے، اللہ تعالی ہمارے اعمال قبول فرمائے، اے اللہ، مسلمانوں کو ہدایت عطا فرما۔ لاکھوں حجاج کرام نے میدان عرفات میں خطبہ سنا اور خطبہ حج میں عالم اسلام کو امن، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام دیا گیا جبکہ خطبہ حج میں مسلم دنیا کے مسائل کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ خطبہ حج کے بعد مسجد نمرہ میں نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی گئی۔