یو این آئی
انقرہ//ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے ایران میں شہریوں کی مشکلات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ ترکی بحالی امن میں مدد اور فائر بندی کے حصول کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کردے گا۔اردگان نے سوموارکودارالحکومت انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے ’’ہم ایرانی عوام کے درد میں شریک ہیں اور ہمیں ان کے مصائب پر گہرا صدمہ پہنچ رہا ہے۔ اس جنگ کا خمیازہ معصوم بچے اور شہری بھگت رہے ہیں‘‘۔اردگان نے کہا ہے کہ’ترکی، فائر بندی کے قیام اور خطے میں امن و امان کی بحالی تک سفارتی روابط پوری رفتار کے ساتھ جاری رکھے گا۔ہم امن کے حامی ہیں اور چاہتے ہیں کہ خونریزی رک جائے، آنسو تھم جائیں اور ہمارا خطہ آخرکار وہ دیرپا امن حاصل کرلے جس کا ایک طویل عرصے سے انتظار ہے”۔صدراردگان نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ ترکی کی اولین ترجیح فائر بندی کو یقینی بنانا اور گفت و شنید کے دروازے کھولنا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ “اگر ضروری مداخلت نہ کی گئی تو یہ تنازعہ خطے اور عالمی سلامتی کے لیے سنگین نتائج کا باعث بنتا رہے گا”۔صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ “کوئی بھی اس معاشی و جیوپولیٹیکل غیر یقینی صورتِ حال کو برداشت نہیں کرسکے گا جو اِس جنگ کے نتیجے میں پیدا ہوگی لہذا اس آگ کو مزید پھیلنے سے پہلے بجھانا ضروری ہے”۔