عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کشمیر کے چیف انجینئر نے پیر کو جنوبی کشمیر میں ممکنہ اچانک سیلاب اور آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کے خدشے کے پیش نظر عوامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے انتہائی احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے 21 جولائی کو شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ پیش گوئی کے مطابق اننت ناگ، کولگام اور شوپیاں اضلاع میں 21 جولائی کی صبح 50 سے 100 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ 22 جولائی کی صبح بھی نسبتاً کم شدت کی بارش متوقع ہے۔محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ متوقع بارش کے باعث جنوبی کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب آسکتا ہے، جبکہ نہروں، کھلوں، ندی نالوں اور دیگر آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو سکتی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دریائے جہلم اور اس کی معاون ندیوں میں بھی پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول نے خاص طور پر جنوبی کشمیر کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں، کھلوں، دریاؤں اور سیلاب کے خطرے والے مقامات، خصوصاً پہاڑی اور بالائی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں۔ایڈوائزری میں عوام کو غیر ضروری سفر سے بچنے، حساس اور سیلاب زدہ علاقوں میں احتیاط برتنے اور جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔محکمہ نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو خصوصی طور پر چوکس رہنے، تازہ موسمی پیش گوئیوں اور فلڈ ایڈوائزریز پر مسلسل نظر رکھنے اور ضلعی انتظامیہ و متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کی بھی تلقین کی ہے۔