سفر کا وقت کم ہوگا، اخراجات میں کمی آئے گی ، وادی کو ہمہ موسمی رابطہ میسر آئے گا:متعقین
جموں//جموں و کشمیر بھر کے عوام نے جمعرات کو جموں اور سری نگر کے درمیان براہِ راست وندے بھارت ایکسپریس سروس کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے رابطہ، سیاحت اور معاشی ترقی کے لئے ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔مسافروں اور متعلقہ افراد نے اس پیش رفت کو ’’گیم چینجر‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سروس سے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہوگا، اخراجات میں کمی آئے گی اور وادی کو ہر موسم میں رابطہ میسر آئے گا۔افتتاحی سفر میں شامل ٹریول ایجنٹ اروند سنگھ نے کہا’’یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے گیم چینجر ہے۔ اس سے نہ صرف وقت اور توانائی کی بچت ہوگی بلکہ ہر موسم میں رابطہ بھی یقینی ہوگا۔ اس سے تجارت اور سیاحت کو بڑا فروغ ملے گا‘‘۔انہوں نے کہا کہ سیاح اور یاتریوںخاص طور پر امرناتھ یاترا پر جانے والے، پہلے سڑک کے راستے پر انحصار کرتے تھے جو اکثر ٹریفک جام، لینڈ سلائیڈنگ اور خراب موسم کے باعث متاثر ہوتا تھا۔انہوں نے کہا’’اب یاتری آسانی سے ٹرین سروس استعمال کر سکیں گے‘‘۔اسی طرح ایک تاجر بھوشن چند نے کہا کہ کشمیر وادی تک سامان کی ترسیل ٹرکوں کے ذریعے وقت طلب اور مہنگی تھی۔انہوں نے کہا’’یہ ٹرین سروس ہمارے کاروبار کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ اس سے سفر اور لاجسٹکس آسان ہوں گے۔ ہم حکومت ہند کے شکر گزار ہیں کہ اس ٹرین کو جموں تک توسیع دی گئی‘‘۔
ایک سرکاری ملازم مشتاق احمد، جو سری نگر واپس جا رہے تھے، نے کہا کہ یہ ٹرین خاص طور پر دونوں دارالحکومتوں کے درمیان سفر کرنے والے ملازمین کے لئے فائدہ مند ہوگی۔انہوں نے کہا’’یہ بہترین سفری ذریعہ ہے۔ اب ایک ہی دن میں کشمیر جا کر واپس آیا جا سکتا ہے۔ سفر کا وقت چار گھنٹے سے بھی کم ہو گیا ہے‘‘۔طلبہ اور دیگر مسافروں نے بھی نئی سروس پر خوشی کا اظہار کیا۔ بارہویں جماعت کی طالبہ وینتا نے کہا’’ہم بہت خوش ہیں۔ پہلے ہمیں کشمیر جانے کے لئے کٹرہ جانا پڑتا تھا، اب ٹرین براہِ راست جموں سے دستیاب ہے۔ ہم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہیں‘‘۔مختار احمد نے کہا کہ پہلے خاص طور پر زیارتوں کے دوران سفر مشکلات سے بھرپور ہوتا تھا۔انہوں نے کہا’’اب ہم براہِ راست سری نگر پہنچ سکتے ہیں، جس سے وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوگی۔ سڑک کے سفر میں اکثر لینڈ سلائیڈنگ اور خراب موسم کے مسائل ہوتے تھے، جو اب کم ہو جائیں گے‘‘۔یونیورسٹی کے طالب علم سردار پرمندَر نے اس اقدام کو حکومت کا قابلِ ستائش قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں اور سری نگر کے درمیان براہِ راست رابطہ سیاحوں اور زائرین کے لئے انتہائی مفید ہے۔یہ براہِ راست ٹرین سروس خطے میں سیاحت، تجارت اور مجموعی سماجی و معاشی ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہر موسم میں قابلِ اعتماد زمینی رابطہ فراہم کرے گی۔