جموں//سابق صدر ریاست ڈاکٹر کرن سنگھ نے جموں بس اڈہ پر ہوئے گرینیڈ حملے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کو ان عناصر کی شناخت کرنی چاہئے جو اس طرح کی مجرمانہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا’’میں جموں بس اسٹینڈ میں ہوئے دھماکے پر صدمہ میں ہوں ، میں اس واقعہ میں زخمی ہونے والوں سے ہمدردی ظاہر کرتاہوں اور ان کی جلد سے جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں ‘‘۔کرن سنگھ نے کہاکہ انتظامیہ کو ہر ممکن کوشش کرکے ایسے عناصر کی شناخت کرکے ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے جو مجرمانہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ تمام طبقوں کے درمیان بھائی چارے کو قائم رکھنے کی ضرورت ہے ۔