جموں//لوک سبھا سپیکر سمترا مہاجن نے انڈین انسٹی چیوٹ آف ماس کمیونی کیشن کے 2017 بیچ کے اعلیٰ پرفارمنگ طلاب کو نئی دہلی میں ادارے کے 51 ویں کنووکیشن کے دوران ایوارڈ عطا کئے ۔ جموں کیمپس کے انوراگ شرما نے آل انڈیا سطح پر تمام کیمپسز میں انگلش جرنلزم کورس میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ انہیں آئی آئی ایم سی کے چئیر مین اور آئی اینڈ بی کے سیکرٹری امت کھرے نے 333 طلاب سمیت پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ عطا کئے ۔ انڈین انسٹی چیوٹ آف ماس کمیونی کیشن کے جموں سنٹر نے چوتھی مرتبہ آل انڈیا سطح پر انگلش جرنلزم کورس میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ سمترا مہاجن نے کنووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے پاس کافی طاقت ہوتی ہے تا ہم ایک بہتر سماج وجود میں لانے کی اس کی ایک اہم ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے ماس کمیونی کیشن میں علاقائی زبانوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس سمت میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ ڈی جی آئی آئی ایم سی کے جی سریش نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 9 ماہ پر مشتمل ڈپلومہ پروگرام کی بدولت آئی آئی ایم سی طلاب کو بہتر طریقے پر تیار کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلاب بعد میں لیب جرنل ، دستاویزی فلمیں اور ریڈیو و ٹیلی ویژن پروگرام خود ہی تیار کر پاتے ہیں ۔ آئی آئی ایم سی جموں کیمپس انگلش جرنلزم کے کورس چلاتا ہے جن میں ایڈورٹائیز منٹ اینڈ پبلک رلیشنز ، ریڈیو و ٹی وی ڈیولپمنٹ جرنلزم شامل ہیں ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ علاقائی زبانوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں کیمپس میں ہندی اور اردو جرنلزم کورس اگلے سیشن سے شروع کرنے سے متعلق منصوبہ زیر غور ہے ۔ حال ہی میں ایچ آر ڈی کی وزارت نے آئی آئی ایم سی کو ایک ڈیمڈ یونیورسٹی بنانے کیلئے ایک لیٹر آف انٹینٹ جاری کیا ۔