عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں کیونکہ وہ نہ صرف ملازمت کے متلاشی ہیں بلکہ ہندوستان کے مستقبل کے بنانے والے ہیں۔انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ تین رہنما اصولوں بڑے خواب، زندگی بھر سیکھنے اور ہمیشہ جدت کو اپنائیں۔یہاں ایک کالج میں جاب فیئر سے خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کی سب سے بڑی اہمیت نوجوانوں میں ان کے اعتماد میں ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”آپ محض نوکری کے متلاشی نہیں ہیں، آپ ہندوستان کے مستقبل ساز ہیں، آپ کے ہاتھ میں آپ کا کیریئر اور ساتھ ہی ملک کی ترقی کی سمت ہے، آپ اسکل انڈیا کی طاقت ہیں، ڈیجیٹل انڈیا کا چہرہ ہیں، اور آتمنیر بھر بھارت کے حقیقی علمبردار ہیں،” ۔
انہوں نے کہا”بڑے خواب دیکھیں اور نئی دریافتوں پر توجہ دیں، مستقبل ان لوگوں کا ہے جو نئے حل تلاش کرتے ہیں، نئی سوچ تیار کرتے ہیں، اور تبدیلی کی قیادت کرتے ہیں،کامیابی تب ہی معنی خیز ہوتی ہے جب اخلاقیات اور ذمہ داری کے ساتھ حاصل کیا جائے،”۔ جاب فیئر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہیلتھ کیئر، بینکنگ، فنانشل سروسز، مینوفیکچرنگ، ریٹیل، مہمان نوازی، تعلیم، لاجسٹکس اور انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں میں 50 سے زائد معروف کمپنیوں کو اکٹھا کیا۔سنہا نے جاب فیئر کو نوجوانوں کی امنگوں کو مواقع سے جوڑنے کا ایک طاقتور ذریعہ اور ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر بیان کیا۔انہوں نے کہا، “یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں خوابوں کی سمت ملتی ہے، جہاں تعلیم صنعت سے ملتی ہے، اور جہاں ایک نئے جموں و کشمیر کی بنیاد مضبوط کی جا رہی ہے۔”لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کو ایسے اداروں میں تبدیل ہونا چاہیے جو طلبہ کو امتحانات سے آگے کی زندگی کے لیے تیار کریں۔انہوں نے کہا”تعلیم کو کلاس رومز تک محدود نہیں ہونا چاہیے، اسے ہر طالب علم کو اعتماد، مہارت اور عملی سمجھ بوجھ کے ساتھ زندگی کا سفر شروع کرنے کے لیے تیار کرنا چاہیے” ۔