عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے مرکزی زیر انتظام علاقے کے تمام تعلیمی اداروں میں ذہنی صحت کے تحفظ کے اقدامات کے نفاذ اور طلبا کی خودکشی کی روک تھام کی نگرانی کے لیے ضلعی سطح کی مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ 2026 کے گورنمنٹ آرڈر نمبر 117-JK (GAD) کے ذریعے جاری کیا گیا فیصلہ، سپریم کورٹ آف انڈیا کی طرف سے 2025 کی فوجداری اپیل نمبر 3177 (2024 کے SLP(Crl) نمبر 6378 سے جاری ہونے والی ہدایات کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔ہر ضلعی کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی کمشنر کرے گی اور اس میں چیف ایجوکیشن آفیسر، چیف میڈیکل آفیسر، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر، اور سول سوسائٹی کا ایک نمائندہ، ڈپٹی کمشنر کی طرف سے نامزد کیا جائے گا۔کمیٹیوں کو سپریم کورٹ کے رہنما خطوط پر عمل درآمد کی نگرانی، تعلیمی اداروں کا وقتاًفوقتاًمعائنہ کرنے اور ذہنی صحت اور طلبہ کی خودکشیوں سے متعلق شکایات کا جائزہ لینے اور ان کا ازالہ کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔حکومتی حکم نامے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ یہ کمیٹیاں ضلعی سطح پر بنیادی اداروں کے طور پر کام کریں گی تاکہ قومی قانونی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور طلبا کی فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے اقدامات کو مضبوط کیا جا سکے۔