جموں و کشمیر میںبھاجپا کے حق میں ایک واضح لہر | غریب لوگوں کیلئے مودی حکومت نے کئی سکیمیں چلائی :رویندر رینہ

عظمیٰ نیوز سروس

کٹھوعہ //جموں وکشمیر بھاجپا کے صدر رویندر رینہ نے کٹھوعہ ضلع کے بنی علاقہ میں ایک بڑے روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے دور دراز کے علاقوں کی ترقی میں مکمل ناکامی کے لئے این سی، کانگریس اور پی ڈی پی پر تنقید کی۔انہوں نے کہاکہ اس پارلیمانی انتخابات میں بھاجپا کے حق میں ایک واضح لہر چل رہی ہے جبکہ مودی حکومت نے گزشتہ دس برسوں کے دوران عوامی فلاح و بہبود کیلئے کئی سکیمیں چلائی ہیں جن سے لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔بنی ٹاؤن میں میگا روڈ شو کا انعقاد کرتے ہوئے رینہ نے لوگوں سے بھی بات چیت کی۔موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’جموں و کشمیر میں بی جے پی کے حق میں ایک واضح لہر ہے اور یہ اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ یوٹی کے لوگوں نے غریبوں اور ضرورت مندوں کی ترقی اور بہبود کیلئے شروع کی گئی مودی حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں کی حمایت کی ہے۔رویندر رینہ نے کہا کہ این سی، کانگریس اور پی ڈی پی کے دور حکومت میں سڑکوں کی انتہائی خستہ حالی کی وجہ سے اس دور افتادہ پہاڑی علاقے میں آنا مشکل تھا لیکن بی جے پی کے دور حکومت میں حالات بدل گئے ہیں اور سڑکوں کے کئی پروجیکٹ، یوٹی میں ہائی وے اور ریل رابطہ شروع اور مکمل کیا گیا ہے۔ اب تمام دیہاتوں، پہاڑی اور سرحدی علاقوں میں سامان کی آمدورفت اور لوگوں کی آمدورفت آسان ہو گئی ہے جس سے لوگوں کی زندگی آسان ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں، کسانوں اور خواتین کے لئے بہت سی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں ۔موصوف نے مزید کہا کہ ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘، جن دھن یوجنا، اجولا یوجنا، کسان سمان ندھی یوجنا، آیوشمان کارڈ یوجنا اور اْجالا یوجنا جیسی اسکیموں نے ایک کردار ادا کیا ہے۔ رینہ نے این سی، کانگریس اور پی ڈی پی کی قیادت والی پچھلی حکومتوں کو دور دراز علاقوں کی ترقی میں مکمل ناکامی کے لئے نشانہ بنایا اور کہا کہ ان جماعتوں کے قائدین اپنے سیاسی فائدے کے لئے مخصوص علاقوں تک محدود رہے اور دیگر علاقوں اور برادریوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا۔