عوامی مسائل کے ازالے کیلئے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا: محبوبہ مفتی

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

پونچھ// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز کہا کہ کسی بھی فرقے، مذہب یا علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اپنے مسائل کے ازالے کے لیے متحد ہوکر آواز اٹھانا ہوگی۔
سابق وزیر اعلیٰ اس وقت عوامی حمایت حاصل کرنے کیلئے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ہفتہ طویل دورے پر ہیں۔ اُنہوں نے بارش کے باوجود پونچھ میں ایک روڈ شو سے خطاب کیا۔
پونچھ اور راجوری کے سرحدی اضلاع اننت ناگ پارلیمانی حلقے کا حصہ ہیں جہاں 7 مئی کو تیسرے مرحلے میں 21 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے پولنگ ہو رہی ہے، جن میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی محبوبہ مفتی اور نیشنل کانفرنس کے رہنما اور سابق وزیر میاں الطاف بڑے امیدوار ہیں۔
محبوبہ مفتی مغل روڈ کے زریعے جمعرات کو سرنکوٹ پہنچیں، جمعہ کو مینڈھر کا دورہ کیا اور ہفتہ کی صبح پونچھ میں روڈ شو سے خطاب کیا۔
موسلادھار بارش کے درمیان اپنے مختصر خطاب میں محبوبہ نے کہا، “میں پہاڑیوں، گجروں، ہندووں اور مسلمانوں سمیت سماج کے تمام طبقات کی طرف سے گرمجوشی سے استقبال کے لیے شکر گزار ہوں۔ میں لوگوں کو متحد کر رہی ہوں اور انہیں تقسیم نہیں کر رہی ہوں۔ ہم سب کو اپنے مسائل کے ازالے کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہو گا“۔
انہوں نے کہا کہ کوئی مسئلہ ہونے کی صورت میں ہر کوئی متاثر ہوتا ہے جبکہ آسانی کے وقت سب کو فائدہ ہوتا ہے۔
محبوبہ نے دفعہ 370 کو منسوخ کرنے اور جموں و کشمیر کو تقسیم کرنے کے مرکز کے اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، “یہ انتخاب سڑکوں اور بجلی کے لیے نہیں ہے، یہاں بے روزگاری جیسے مسائل ہیں جنہیں دیگر مسائل کے علاوہ اٹھانے کی ضرورت ہے، جس کا ہمیں 2019 کے بعد سامنا ہے”۔
ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے پی ڈی پی لیڈر نے کہا کہ وہ پونچھ کے لوگوں کے مطالبات سے واقف ہیں جن میں ایک میڈیکل کالج، ریل لنک کی توسیع اور زیر تعمیر پرنائی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی تکمیل شامل ہے۔
اُنہوں نے کہا، ”میں وزیر اعلیٰ نہیں ہوں کہ آپ کا مطالبہ فوری طور پر مانوں لیکن میں کوئی جھوٹا وعدہ کرنے نہیں آئی ہوں۔ مجھے دوبارہ آپ کا سامنا کرنا پڑے گا اور اگر میں پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہو جاتی ہوں، تو میں آپ کے مسائل اٹھاوں گی اور آپ کے معمولی مسائل کو حل کرنے کے لیے ایم پی لوکل ایریا ڈیولپمنٹ فنڈ کا استعمال کروں گی“۔