جدید اور روزگار سے ہم آہنگ شعبہ جات متعارف اور پسماندہ اَفرادکی ہنر مندی کریں:نائب وزیراعلیٰ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نائب وزیراعلیٰ نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر اُبھرتے ہوئے روزگار کے مواقع کا جامع مطالعہ اور تلاش کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار جموں میں سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔نائب وزیرا علیٰ نے محکمے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ علاقہ وار روزگار منڈیوں کا جائزہ لیں اور قومی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کے رُجحانات کا مفصل مطالعہ کریں۔اُنہوں نے مقامی صنعت کی ضروریات کو پورا کرنے اور یورپی اور مشرق وسطی کے مارکیٹوں میں روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے لئے آئی ٹی آئیز اور پولی تکنیک میں جدید، اختراعی اور ملازمت کے لحاظ سے متعلقہ پیشوں کو متعارف کرنے پر زور دیا۔نائب وزیراعلیٰ نے معروف جاب کنسلٹنسیوں کو شامل کرنے اور پلیسمنٹ سیلز کو مضبوط بنانے کی بھی ہدایت دی تاکہ روزگار پر مبنی تربیتی پروگراموں کو مؤثر بنایا جا سکے۔اُنہوں نے تمام پرنسپلوں پر زور دیا کہ وہ صنعتوں کی ضروریات کے مطابق طلب پر مبنی کورسز شروع کرنے کے لئے فعال کردار ادا کریں تاکہ بے روزگاری کے مسئلے کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔وزیر موصوف نے محکمے میں مزید فعالیت اور جوابدہی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعیناتیوں اور کیریئر میں ترقی کا انحصار کارکردگی پر ہوگانہ کہ سفارشات پر۔اُنہوں نے کہا، ’’آپ قوم کے معمار ہیں۔ لگن کے ساتھ کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمارے نوجوان ہنر مند اور باصلاحیت بنیں۔‘‘نائب وزیراعلیٰ نے پولی تکنیک اور آئی ٹی آئیز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے تمام شعبہ جات میںبغیر کسی رُکاوٹ کے کام اوراندراج کی مکمل تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے جامع ہنر مندی پر زور دیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ پسماندہ، بے سہارا اور یتیم نوجوانوں کی نشاندہی کر کے انہیں ہنر مندی کے اداروں میں پیش کئے جانے والے مختلف کورسوں اور شعبہ جات میں داخل کیا جائے۔‘‘نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے مزید ہدایت دی کہ تمام اضلاع میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جائے اور عملے کی کمی کو دور کرنے کے لئے بھرتیوں اور ترقیوں کے عمل کو تیز کیا جائے۔