عظمیٰ نیوزسروس
جموں//پولیس نے جمعرات کو یہاں چھ لوگوں کو گرفتار کرکے اور تین پستولوں کے ساتھ تقریباً پانچ کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے سرحد پار منشیات کے ایک ریکیٹ کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا۔انہوں نے بتایا کہ پکڑی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 30 کروڑ روپے سے زائد ہے۔پولیس کے سپرنٹنڈنٹ اجے شرما نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا’’جموں میں منشیات کے ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔ چھ ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے چار کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ ان کے پاس سے 4.95 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تین پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں‘‘۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ملزمان سرحد پار سے نارکو ٹیررکے ایک حصے کے طور پر منسلک تھے، ایس پی نے کہا کہ “جب ہم نے ان کے ڈیجیٹل فٹ پرنٹس کی جانچ کی تو ہمیں معلوم ہوا کہ وہ اس ملک کی اگلی نسل کو تباہ کرنے کے لیے منشیات سپلائی کرنے والے پاکستانی ہینڈلرز کے ساتھ سرحد کے اس پار سے جڑے ہوئے ہیں‘‘۔شرما نے کہا کہ وہ ملک کے خلاف غیر روایتی جنگ کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔انکاکہناتھا “ہم نے یواے پی اے کی متعلقہ شقو ں کو بھی نافذکیا ہے۔ یہ منشیات کی دہشت گردی کا ایک واضح معاملہ ہے، جسے جموں پولیس ساؤتھ زون نے کامیابی سے روکا ہے۔ گاندھی نگر پولس سٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے‘‘۔ایس پی نے بتایا کہ تفتیش کے دوران جوڑیاں کے کرن شرما اور ادھم پور کے نکھلیش ورما کو 3.26 کلو ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ بعد میں پولیس نے نروال (جموں) میں محمد یوسف، راجوری کے مالیاتی ہینڈلر گلشن کمار اور نوشہرہ کے جسویندر کمار کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے مزید ہیروئن برآمد کی۔ایس پی نے بتایا کہ گلشن کی گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور اسے منشیات کی سمگلنگ کے لیے کیویٹیز کے ساتھ تبدیل کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا ’’جسوندر پہلے ہی منشیات کے ایک اور کیس میں زیر حراست تھا۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش کے نتیجے میں نکی توی (جموں) کے شمدین کو گرفتار کیا گیا، جس کے گھر سے ایک پستول، زندہ راؤنڈز اور 619گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ایس پورہ میں مرالیہ کا ایک اور ملزم عبدالحمید مفرور ہے۔انہوں نے کہا “اس کے گھر سے، پولیس نے دو پستول برآمد کیے ہیں، جن میں ایک خودکار پستول، گولہ بارود کے ساتھ شامل ہے‘‘۔پولیس نے بتایا کہ ریکیٹ کے زیادہ تر ارکان جموں میں پاک بھارت سرحد کے قریب کے علاقوں سے تھے۔