جموں//فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اَتل ڈولو نے جموں میں سی ڈی ہسپتال اور ذہنی امراض کے ہسپتال کو کووِڈ ۔19 مریضوں کے علاج و معالجہ کے لئے مخصو ص کر دیا ہے۔فائنانشل کمشنر نے ان دو ہسپتالوں کا دورہ کر کے وہاں بنیادی ڈھانچے اور افرادی قوت کی دستیابی کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران فائنانشنل کمشنر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتالوں کی ہر ضرورت کو پورا کریں تاکہ وہاں کووِڈ ۔19کے معاملات کا مؤثرطریقے پر علاج ومعالجہ کیا جاسکے۔پرنسپل جی ایم سی جموں ڈاکٹر سنندا رینہ ، ڈائریکٹر کواڈنیشن میڈیکل کالجز ڈاکٹر یشپال شرما اور متعلقہ محکمہ کے کئی دیگرا علیٰ افسرا ن بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔فائنانشل کمشنر نے اس موقعہ پر کہا کہ اِن ہسپتالوں کو جموں میں کورونا وائرس مریضوں کے لئے احتیاط کے طور پر تیار رکھا جارہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اِن دو ہسپتالوں میں این ایچ ایم کے تحت اضافی افرادی قوت بھی دستیاب کرائی جائے گی۔اس موقعہ پر انہیں جانکاری دی گئی کہ ان ہسپتالوں میں ہر طرح کی تیاری مکمل کی گئی ہے۔ انہیں بستروں ، وینٹلیٹروں اور دیگر آلات کے بارے میں جانکاری دی گئی تاکہ مریضوں کی بہتر دیکھ ریکھ کو یقینی بنایا جاسکے۔اِن دونوں ہسپتالو ں میں علاج و معالجہ کی دیگر سرگرمیوں کو مؤخر کیا گیا ہے اور وہاں صرف کووڈ۔19مریضوں کے لئے علاج کی سہولیات دستیاب رہیں گی۔ ان دو ہسپتالوں کے مریضوں کو سپرسپیشلٹی ہسپتال اور جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ہے۔کورونا وائرس کے خلاف کی جارہی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر حکومت نے پہلے ہی گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر کو کووڈ۔19 مریضوں کے لئے وقف کیا گیا ہے جہاں 200علاحدہ بیڈوں کو تیار رکھا گیا ہے اور اس ہسپتال میں پہلے ہی 90بیڈ موجود ہے۔گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے منسلک ہسپتالوں کو کووڈ۔19معاملات کے علاج کے لئے مخصوص کرنے کا فیصلہ حال ہی میں ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔فائنانشل کمشنر نے اس موقعہ پر کہا کہ کچھ نامزد ہسپتالوں کو کووڈ۔19کے لئے پوری طرح مخصوص کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اس طرح کے مریضوں کو دیگر مریضوں کے ساتھ نہ ملایا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ کووڈ۔ 19کے مریضوں کو الگ رکھنے سے اس وائرس کے پھیلائو کو کافی حد تک روکا جاسکتا ہے۔