جموں //یوتھ کانگریس کارکنوں نے جموں میونسپل کارپوریشن کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کارپوریشن میں رشوت خوری عروج پر ہے ۔کارکنوں نے انتظامیہ پر الزم عائد کرتے ہوئے کہاکہ کارپوریشن میں کی جارہی رشوت خوری کیخلاف کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ہے ۔یو تھ کانگریس کے ریاستی صدر ادھے چپ کی قیادت میں جموں میونسپل کارپوریشن کے دفتر کے سامنے کئے گئے احتجاج کے دوران کارکنوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کارپوریشن کے تحت کئے جارہے کاموں کی جانچ کروائی جائے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ادھے چب نے کہاکہ کارپوریشن کی جانب سے مختلف پروجیکٹوں کے دئیے گئے ٹھیکوں میںمبینہ طور پر رشوت خوری کو فروغ دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پروجیکٹوں کی الاٹمنٹ میں قانون کو نظرانداز کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل انہوں نے کارپوریشن کی جانب سے غیر ریاستی کمپنی کو ٹھیکے دینے کے معاملہ کو اجاگر کیا تھا لیکن اس سلسلہ میں کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ اب دوبارہ سے اسی کمپنی کا تعمیراتی کام دیا گیا ہے ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جموں میونسپل کارپوریشن میں ہو رہی بدعنوانی کو روکنے اور غیر ریاستی کمپنیوں کا تعمیراتی پروجیکٹوں کے ٹھیکے دینے پر روک لگائی جائے ۔مظاہرین نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ معاملے پر تحقیقات کروائی جائے اور ملوث آفیسران کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔اس احتجاج میں اعجاز چوہدری ،وشال چوپڑہ ،سندیپ شرما ،نکھل شرما ،ودیگران بھی موجود تھے ۔