جموں //جموں کے جنرل بس اسٹینڈ پر ہوئے گرینڈ دھماکے کی مختلف سیاسی ،سماجی و مذہبی تنظیموں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ جموں کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے جموں کے بس اڈے میں ہوئے گرینیڈ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی فوری صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا 'میں اس دھماکے کی پُر زور مذمت کرتا ہوں اور زخمیوں کی فوری اور مکمل صحت یابی کے لئے دست بدعا ہوں'۔پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا 'مرتکبین ہمیں دکھ دینے اور ہمیں تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں انہیں شکست سے دوچار کرنے کے لئے اتحاد ہمار ہتھیار ہونا چاہئے'۔اسی طرح پردیش کا نگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مرنے والے لواحقین کےساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلداز صحت یابی کی دعا کی ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جموں شہر میں میں اس طرح کے حملے اور دھماکے تشویش ناک عمل ہے جبکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کی سیکورٹی کو یقینی بنائے ۔موصوف نے کہاکہ اس طرح کے حملے سے لگتا ہے کہ ریاستی اور مرکزی انتظامیہ سیکورٹی صورتحال کو مستحکم کرنے میں ناکام ہو ئی ہے جس کی وجہ سے حالیہ کچھ عرصہ میں جموں بس اسٹینڈ کے علا قہ میں 3دھماکے ہوچکے ہیں ۔اسی دوران نیشنل کا نفرنس کے صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا نے بس اسٹینڈ جموں کا دورہ کرتے ہوئے گرینڈ دھماکے کی مذمت کی ۔انہوں نے زخمیوں کی جلدصحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا پُر امن معاشرے میں ایسے واقعات کی کبھی بھی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ ایسے چیلنجوں کےساتھ نمٹنے کےلئے تما م ضروری اقدامات اٹھانا اشد ضروری ہے تاکہ سماج دشمن عناصر کو سامنے لایا جاسکے ۔مئیر جموں چندر موہن گپتا نے پنے بیان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک افراد کی پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ایسے واقعات کو روکا جاسکے ۔انہوں نے مقامی لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے مکانات کو کرایہ پر دینے سے قبل مکمل تحقیقات کریں اور ضروری کاغذات بھی اپنے پاس رکھیں تاکہ غیر قانونی عمل میں ملوث لوگوں پر نظر رکھی جاسکے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ آپسی بھائی چارے کو قائم رکھیں جبکہ سماج دشمن عناصر کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔گرینڈ دھماکے کے بعد جموں وکشمیر بار ایسوسی ایشن جموں کا ایک اجلاس منعقد ہو ا ۔ایسوسی ایشن صدر بی ایس سلاتھیہ کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں اراکین نے بس اسٹینڈ جموں پر ہو ئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جموں شہر میں سیکورٹی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ضروری ہو چکاہے ۔بی ایس سلاتھیہ نے کہاکہ حملہ سیکوریٹی ایجنسیوں کی مکمل ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔بار ایسوسی ایشن جموں کے اراکین نے دھماکے میں مرنے والے کے لواحقین کےساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی گورنر انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ معاملے میں ملوث افراد کےساتھ سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ سیکورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ جموں شہر میں اس طرح کے واقعات دوبارہ سے پیش نہ آئیں ۔اسی دوران جموں مسلم فرنٹ نے جموں جنرل بس اسٹینڈ پر ہوئے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔یہاں جاری ایک پریس بیا ن میں فرنٹ لیڈران نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے جموں کے امن کی خراب کرنے کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے عوام سے آپسی بھائی چارے کو قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس طرح کے حملوں و دھماکوں کو روکنے کےلئے سیکورٹی مزید سخت کرئے ۔گرینڈ حملے کی مذمت کرنے والوں میں پردیش کا نگریس کمیٹی کے سنیئر لیڈر تارا چند ،مدن لعل شرما،محمد شریف نیاز ،مولہ رام ،رمن بھلہ ،غلام محمد سروڑی ،آر ایس چپ ،نیشنل کا نفرنس کے سرجیت سنگھ سلاتھیہ ،رتن لعل گپتا ،پردیپ بالی ودیگران شامل ہیں ۔