جموں//کرائم برانچ جموںنے کٹھوعہ کے ایک سنٹر(اندراگاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی ) کی طرف سے امتحانات میں شرکت کے بغیرہی 4ہزارطلباء کوجعلی ڈگریاں تقسیم کرنے کے ایک بڑے سکینڈل طشت ازبام کیاہے۔ذرائع کے مطابق کرائم برانچ جموں کوشکایت ملی تھی کہ اگنوسنٹری نمبر میں جعلی ڈگریاں تقسیم کرنے کاکاروبار پرشانت بھنڈاری اوراس کے ساتھیوں کی طرف سے چلایاجارہاہے ۔بتایاجاتاہے کہ یہ لوگ تعلیمی سال 2014-15سے مچھیڑی بلاورعلاقہ میں قائم اگنوسنٹرمیں جعلی ڈگریوں کاغیرقانونی کاروبارکررہے تھے۔پرشانت بھنڈاری اور ان کے ساتھیوں نے یونیورسٹی کے چیرمین کے نام بنک میں جعلی کھاتے کھلوائے تھے اور طلباء کو فیس ادا کرنے کے بعد جعلی رسیدیں دی جاتی تھیں اور اس گروہ نے طلباء کو امتحان لینے کے لئے جعلی جوابی بیاض(آنسرشیٹس)
بھی تیار کی تھی جو اگنو سنٹر کٹرہ،کشتواڑ،چھاترو اور پاڈر کے نام سے جمع کی جاتی تھیں جس کام میں انہوں نے ادارے کے کچھ ارکان سے مدد لینے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔کرائم برانچ کے مطابق اس گروہ نے متعدد جعلی اسناد بھی طلباء کے نام جاری کیں اور طلباء کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑکیا اور ان سے ہزاروں روپے وصول کئے۔اس لوٹ کھسوٹ میں ملوث افراد میں پرشانت بھنڈاری ولد سیہاج رام بھنڈاری ساکن کشتواڑ اوربھوپندر گپتا ولد پنورام ساکنہ کوہاگھ تحصیل بلاورحال تالاب تلو جموںشامل ہیں اوران کے ساتھیوں کے خلاف کرائم برانچ جموں نے ایف آئی آر نمبر 16/2018 زیردفعاتU/s 419,420, 467, 468, 471,120-B RPC 5(2) PC Act.معاملہ درج کرکے معاملے کی تحقیقات سب انسپکٹرہلال اظہرکوسونپ کرشروع کردی ہے۔