یواین آئی
ٹوکیو// جاپان کے شمالی خطے ہوکائیڈو کے شہر موروران میں پیر کی صبح نِپّون اسٹیل کی فیکٹری میں زبردست دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں شدید آگ لگ گئی اور کنکریٹ کے ملبے کے ٹکڑے دور دور تک بکھر گئے۔مقامی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، رات 12.55 بجے رہائشیوں نے گھروں میں جھٹکے محسوس ہونے اور فیکٹری میں آگ لگنے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے ایمرجنسی سروسز کو کال کی۔فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر تصدیق کی کہ ہاٹ بلاسٹ اسٹوو پھٹنے سے پلانٹ کے اندر بڑا دھماکہ ہوا جس نے آگ کو جنم دیا۔ابتدائی طور پر فیکٹری میں موجود تقریباً 10 کارکنوں کو محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ تاہم آگ کی شدت برقرار رہی اور اسے بجھانے کی کوششیں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔کمپنی نے تمام بھٹّی کی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں اور آلات کے نقصان، سپلائی چین اور لاجسٹکس پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔دھماکے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی اور تحقیقات جاری ہیں۔