عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے بھنگائی پل کے قریب سنیچر کے روز ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ایک ایکو گاڑی الٹنے سے کم از کم چھ افراد زخمی ہو گئے۔ ایکو گاڑی زیر نمبر JK14E-4195سب ڈویژن مہور سے شاہدرہ شریف کی جانب جا رہی تھی اور اس میں تقریباً آٹھ افراد سوار تھے کہ بھنگائی پل کے نزدیک اچانک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو نکالا اور انہیں علاج و معالجہ کے لئے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر تھنہ منڈی منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ اس موقع پر مقامی باشندوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ تھنہ منڈی–شاہدرہ روڈ نہایت مصروف شاہراہ ہے جہاں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند معروف صوفی بزرگ حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ کے مزار پر حاضری دینے کے لیے شاہدرہ شریف جاتے ہیں تاہم سڑک کے کناروں پر حفاظتی بیریکیڈنگ اور مناسب حفاظتی انتظامات کا فقدان ہے جس کے باعث آئے دن حادثات کا خدشہ برقرار رہتا ہے۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس مصروف شاہراہ پر فوری طور پر حفاظتی بیریکیڈنگ اور دیگر ضروری انتظامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔