جموں//وزیرا علیٰ کے صلاح کار پروفیسر امیتابھ مٹو نے معیار تعلیم میں بہتر ی لانے کے لئے پبلک۔ پرائیویٹ شراکت داری کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ حصول تعلیم کو مزید دلچسپ بنایاجانا چاہیئے۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے قائم کی گئی کمیٹی کی تیسری میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اصغر سامون ، سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ ، سیکرٹری جے کے بی او ایس ای وینا پنڈتا، ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ناظم تعلیم جموں رویندر سنگھ کے علاوہ محکمہ کے کئی دیگر اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی۔انہوںنے اس موقعہ پر حاجی پبلک سکول کی کارکردگی کی کافی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار میں بہتری لانے کے لئے ایک نقش راہ کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔انہوںنے ریاست کے باقی اضلاع میں بھی حاجی پبلک سکول کے ماڈل کو اپنانے میں اس سکول کے منتظمین کا تعاون طلب کیا۔ پروفیسر مٹو نے سیکرٹری تعلیم سے کہا کہ وہ حاجی پبلک سکول کا درجہ مڈل سے ہائی سکول تک بڑھانے کا عمل دو ہفتوں میں مکمل کریں ۔اس دوران شرکا کو معیاری تعلیم کے جدید طور طریقوں کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔