بانہال // ضلع رام بن کے ایجوکیشن زون کھڑی کے دور دراز علاقہ مہومنگ میں زونل ایجوکیشن آفیسر کھڑی دیو راج بھگت کی طرف سے ایک داخلہ مہم کا آغاز کیا گیا جس میں مقامی نمائندوں، طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی۔ پرنسپل سیکریٹری ایجوکیشن بی کے سنگھ، ایس پی ڈی سماگرا شکشھا اور ناظم تعلیم جموں ڈاکٹر روی کمار شنکر کی ہدایت پر زیڈ ای او کھڑی نے اس مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کے دوران ہائر اسکینڈری اسکول مہو میں منعقدہ اس تقریب میں والدین سے اپیل کی گئی کہ وہ سرکار کی طرف سے جاری کی گئی اسکیمو ں کا فائدہ اٹھا کر اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ کرائیں اور اپنے بچوں کو تعلیم کے نور سے منور کریں۔ اس موقع پر مقررین نے تعلیم کی اہمیت اور بچوں کی تعلیم کے لیے حکومت کی طرف سے فراہم کی جا رہی فلاحی سکیموں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری فراہم کی۔ ZEO کھڑی نے اپنے خطاب میں سرکار کی طرف سے شروع کی گئی مختلف فلاحی اسکیموں اور قوم کی ترقی کے لیے تعلیم کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر جن دیگر مقررین نے خطاب کیا ان میں شبیر احمد تانترے سینئر لیکچرر ایچ ایس ایس کھڑری، ارشاد احمد لیکچرر ایچ ایس ایس مہو اور علاقے کے کچھ معزز شہری شامل ہیں۔ تقریب کے دوران علاقے کے مختلف سکولوں میں 48 نئے داخلے جن میں چند ڈراپ آؤٹ بھی شامل ہیں موقع ہر ہی کرائے گئے اور جنگی بنیادوں پر آنے والے دنوں میں مزید داخلے ہونا متوقع ہیں۔