ایجنسیز
انقرہ// نیٹو کے دفاعی نظام نے جمعہ کے روز ایران کی جانب سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل ترکیہ کی فضائی حدود کے اوپر تباہ کر دیا۔ ترکیہ کی وزارتِ دفاع کے مطابق ایران کے ساتھ جاری جنگ کے آغاز کے بعد یہ اس نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے۔ترکیہ کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ میزائل کو مشرقی بحیرہ روم میں تعینات نیٹو کے فضائی دفاعی نظام نے تباہ کیا۔ جنوبی شہر ادانا کے رہائشیوں نے جمعہ کی علی الصبح ایک زور دار دھماکے کی آواز سننے اور انجرلک ایئر بیس پر سائرن بجنے کی اطلاع دی۔ اس اڈے کو امریکی افواج بھی استعمال کرتی ہیں۔حکام کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔رپورٹس کے مطابق اس ہفتے نیٹو نے جنوب مشرقی صوبہ ملاتیا میں اضافی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام تعینات کیا ہے، جہاں کیورجک ریڈار اسٹیشن قائم ہے۔دریں اثنا ترکیہ کی وزارتِ دفاع نے جمعرات کو زور دے کر کہا کہ انجرلک ایک ترک فوجی اڈہ ہے اور وہاں غیر ملکی افواج کی موجودگی سے اس اڈے کی حیثیت تبدیل نہیں ہوتی۔ یہ بیان بظاہر تہران کی جانب سے خطے کے ممالک کو امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی سے متعلق دی گئی تنبیہ کے جواب میں دیا گیا۔