جموں //حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے بیک ٹو ولیج پروگرام میں لوگوں کی جوش و خروش اور بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ۔ لوگوں نے مختلف ترقیاتی و فلاحی سرگرمیوں میں دلچسپی دکھانے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ لوگوں کو از خود فیصلہ لینے اور بااختیار بننے کا احساس پیدا ہو رہا ہے ساتھ ہی لوگ بذاتِ خود سکیموں و پروگراموں کی عمل آوری کے نگران ہوں گے ۔
جموںمیں بیک ٹو ولیج پروگرام کے پانچویں دن کئی گرام سبھائیں ، خواتین گرام سبھائیں منعقد ہوئیں اس کے علاوہ عوامی نمائیندوں ، سماجی کارکنوں ، رضا کار تنظیموں ، معروف شہریوں اور ریٹائیرڈ ملازموں نے پروگرام میں حصہ لیا ۔ نامزد افسروں نے پروگرام کے دوران سکولوں ، طبی مراکز ، آنگن واڑی مراکز ، سرکاری اثاثوں ، پانی کے ذخائیر و دیگر جاری پروگراموں کا جائیزہ لیا اور کھیل کے میدانوں ، مختلف عمارتوں و ترقیاتی کاموں کا افتتاح بھی کیا ۔ اس موقعہ پر سماجی آڈٹ کمیٹیاں گرام پنچائتوں میں تشکیل دی گئیں ۔ پی ایم کسان اور پی ایم شرم یوگی من دھن کے تحت مستحقین کی انرولمنٹ اور اُن کے حق میں اسناد کی تقسیم کاری بھی منعقد ہوئی ۔کمشنر سیکرٹری اطلاعات ، جنگلات و ماحولیات منوج کمار دویدی نے پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ججر کوٹلی پنچائت کا دورہ کیا اور اس پروگرام میں لوگوں کے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کیلئے لوگوں کی شرکت انتہائی ضروری ہے ۔ نچائتی راج اداروں کے نمائیندوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ استفساری پروگرام کے دوران انہوں نے علاقے میں ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوگ متعلقہ ایجنسیوں کو اپنی آراء سے نوازتے رہیں گے ۔ دویدی نے کئی پنچائتوں کا دورہ کیا اور کئی فلیگ شپ پروگراموں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ججر کوٹلی میں پارک و دیگر سیاحتی مقامات کا دورہ کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ ان سیاحتی مقامات پر ٹائیلٹ کمپلیکس تعمیر کرنے کی اشد ضرورت ہے انہوں نے محکمہ جنگلات کا گیسٹ ہاوس بھی دیکھا اور متعلقین کو ہدایات دیں کہ اس گیسٹ ہاوس کی تعمیر و تجدید فوری طور عمل میں لائی جائے ۔ مقامی لوگوں نے ججر کوٹلی میں مصنوعی جھیل کو ترقی دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے صحت عامہ کا پمپ سٹیشن اور محکمہ بجلی کے گرڈ سٹیشن و دیگر بنیادی ڈھانچے کا بھی جائیزہ لیا ۔ لوگوں نے انہیں فلٹریشن پلانٹ کی خستہ حالت کے بارے میں روشناس کیا ۔ لوگوں نے علاقے میں ڈگری کالج کے قیام کا مطالبہ کیا دویدی نے آنگن واڑی مراکز کے دورے کے دوران بچوں کو فراہم کی جا رہی سہولیات کا بھی جائیزہ لیا ۔ کمشنر سیکرٹری نے سب ہیلتھ سنٹر کے دورے کے دوران وہاں دستیاب بنیادی ڈھانچے و دیگر سہولیات کا معائینہ کیا ۔ لوگوں نے ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے اور معقول عملے اور ڈاکٹروں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ۔ دویدی نے متعلقہ افسران کے ہمراہ علاقے کی لین کا افتتاح کیا اور ججر کوٹلی میں کمیونٹی سینٹری کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے پنچائت گھر میں ایک پودا بھی لگایا ۔ سی سی ایف روی کمار کیسر ، اے سی ڈی جموں اعجاز کیسر ، اے سی آر جموں چندر پرکاش ، بی ڈی او وشو پرتاپ سنگھ و دیگر سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔
سانبہ میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے پانچویں دن ضلع کے نڈ، رام گڑھ اور سُنبھ بلاکوں کی 36 پنچائتوں میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ سانبہ ضلع کے رام گڑھ بلاک کی راری پنچائت جموں و کشمیر ریاست کی وہ پہلی پنچائت ہے جو ڈیجٹل انڈیا مہم کے تحت آج ہائی ٹیک بن گئی۔ پنچائت کے نامزد افسر نے ایس ڈی ایم وجے پور کی موجودگی میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت اس ایونٹ کا آغاز کیا ۔ دریں اثنا نامزد افسروں نے کئی گورنمنٹ سکولوں کی طالبات کو سینٹری نیپکن وینڈنگ مشینیں وقف کیں ۔ یہ مشینیں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر محکمے نے فراہم کیں ۔ نامزد افسروں نے مختلف فلاحی سکیموں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دی ۔ اس موقعہ پر وزیر اعظم کی طرف سے موصول شدہ خط گرام سبھاؤں میں پڑھا گیا ۔ نامزد افسروں نے کھیل کے میدان ، پی ایم اے وائی ۔ جی کے تحت مکانات کا افتتاح کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایم جی نریگا جاب کارڈ اور پی آر سیز مستحقین میں بانٹے ۔
کٹھوعہ میںپروگرام کے پانچویں روز آج ضلع کے چار بلاکوں کے 44 پنچائت حلقوں میں گرام سبھاؤں کا انعقاد کیا گیا ۔ افسروں نے ناگری ، کٹھوعہ ، دھار مہان پور اور منڈلی بلاکوں کی پنچائتوں میں لوگوں کے مسائل و مطالبات سُنے ڈپٹی کمشنر وکاش کنڈل نے کئی پنچائتوں کا دورہ کر کے بیک ٹو ولیج پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ لوگوں نے پی ایم فصل بیمہ یوجنا ، اولڈ ایج پینشن ، پی ایم جن اروگیہ یوجنا کے علاوہ پینے کے پانی اور بجلی وغیرہ سے جُڑے مسائل افسران کی نوٹس میں لائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ قدرتی آبی ذخائیر کو تحفظ فراہم کرنے کو یقینی بنائیں ۔ افسروں نے اُجولا یوجنا کے تحت رسوئی گیس سلینڈروں کے علاوہ بی بی بی پی مستحقین میں میوؤں کے درخت اور پاس بُک تقسیم کیں ۔ اس کے علاوہ چند ایک پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کیا گیا اور دیہی نوجوانوں کیلئے روز گار میلہ منعقد کیا گیا۔اے سی ڈی کٹھوعہ سکھپال سنگھ اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے ۔
اودھمپور میں پروگرام کا تیسرا مرحلہ ضلع کی 104 پنچائتوں میں شروع ہوا ۔ اس موقعہ پر گرام سبھاؤں کے علاوہ عوامی رابطی نشستیں منعقد کی گئیں ۔ ان سبھاؤں کے انعقاد کا مقصد ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری اور ان سرگرمیوں میں خامیوں کا جائیزہ لینا ہے ۔ لوگوں نے طب ، صحت عامہ ، تعمیراتِ عامہ اور فلاحی سکیموں سے متعلق مطالبات افسران کی نوٹس میں لائے ۔ عوامی رابطہ پروگراموں کے دوران خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے خواتین کو اس بارے میں ضروری جانکاری دی گئی ۔ خواتین کو سیلف ہیلپ گروپوں کی تشکیل کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی ۔ آج کئی سرکاری تنصیبات کا بھی معائینہ کیا گیا ۔ کئی محکموں کے افسران بھی نامزد حکام کے ہمراہ تھے ۔ اس سلسلے میں عوامی مطالبات اور مسائل کے تعلق سے ڈپٹی کمشنر کو ایک رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر پیوش سنگلا نے اودھمپور ضلع کے مختلف بلاکوں کی پنچائتوں کا دورہ کر کے بیک ٹو ولیج پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے پنچائتی راج اداروں کے نمائیندوں اور لوگوں کے ساتھ کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ ناظمِ باغبانی جموں راج کمار کٹوچ نے مانسر پنچائت جبکہ ڈاکٹر روی شنکر نے مجالٹہ تحصیل کی چھنی پنچائت کا دورہ کیا ۔ قابلِ ذکر ہے کہ بیک ٹو ولیج پروگرام پہلے مرحلے میں 121 حلقوں میں عملایا گیا ۔