جموں //جموں اور ادہم پور میں اضلاع میں بہوجن سماج پارٹی کی طرف سے بی آر امبیڈکر کو ان کی 63ویں برسی کے موقعہ پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔اس سلسلہ میں پارٹی ہیڈکواٹر ستواری میں ریاستی نائب صدرکی قیادت میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔پروگرام کے دوران مقررین نے بی آر امبیڈکر کے فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سماج کے پچھڑے ہوئے طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کیا ۔اپنے خطاب میں پارٹی کے ریاستی کو آرڈینٹر راجہ رام نے کہا کہ بی آر امبیڈ نے سماج میں یکسانیت اور آپسی بھائی چارے کو قائم رکھنے کیلئے اہم کارنامے انجام دئیے ہیں ۔موصوف نے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ مرحوم کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے سماج بالخصوص پچھڑے ہوئے طبقہ کی ترقی کیلئے کام کریں ۔اپنے خطاب میں پارٹی کے ریاستی نائب صدر چرنجیت چلوتراہ نے کہاکہ بی آر امبیڈکر نے پوری زندگی میں درجہ فہرست ذاتوں ،خواتین اور اقلیتی طبقہ کی اقتصاد ی حالت بہتر بنانے اور ان کو انصاف دلانے کیلئے وقف کر دی ۔مقررین نے مزید کہاکہ بہوجن سماج پارٹی مرحوم کے نقشہ قدم پر چلتے ہوئے مضبوط جمہوریت کیلئے کام کرتی رہے گی ۔اسی دوران گاندھی نگر مہا رشی مندر سے متعدد تنظیموں نے مشترکہ طور پر ایک کینڈل مارچ بھی نکالی ۔اس کینڈل مارچ میں آل انڈیا کنفیڈریشن آف ایس سی ،ایس ٹی اور ائو بی سی ،جموں کشمیر یوناٹینڈ پیس مومنٹ ،جموں وکشمیر گوجر بکروال تحریک انصاف ،اوبی سی مہا سبھا ،جموں وکشمیر مسلم فرنٹ ،انجمن امامیہ جموں ،شری منی اکالی دل ودیگر تنظیموں نے شرکت کی ۔