جموں//گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے کہا ہے کہ آیور وید طرز علاج ملک بھر میں مقبولیت اختیار کر رہا ہے کیونکہ یہ کافی موثر تصور کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسے متبادل ادویاتی نظام کے طور پر فروغ دینے کی طرف خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ مشیر موصوف یہاں آیور ویدا کے پرائیویٹ پریکٹیشنروں کیلئے دو روزہ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس پروگرام کا انعقاد وزارت آیوش ، مرکزی سرکار اور نکھل بھارت ورشیہ آیور ویدا ودھیا پیٹھ نے کیا ہے ۔ مشیر نے کہا کہ آیور ویدا طرز علاج میں مریضوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا جا رہا ہے کیونکہ اس کے مضر اثرات نہیں ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آیور ویدا طرز علاج کو بڑھاوا دینے کیلئے اس شعبے کی تحقیقی سرگرمیوں کو بڑھاوا دیا جانا چاہیے ۔ کے وجے کمار نے کہا کہ بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا گورنر انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے اور ریاست میں آیوش طرز علاج کو بڑھاوا دینے کیلئے متعدد بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوگ متبادل طرز علاجوں کی طرف راغب ہو رہے ہیں جن میں یونانی ، سدھا ، نیچرو پیتھی اور ہومو پیتھی شامل ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں کے دوران روایتی طرز علاجوں کو بڑھاوا دینے کیلئے موثر پالیسیاں مرتب کی جائیں گی ۔ مشیر نے منتظمین پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں ریاست میں اس طرح کی کانفرنسوں کا انعقاد کریں تا کہ متبادل طرز علاج کے حوالے سے جامع بیداری پیدا کی جا سکے ۔ تقریب سے سرپرست اے جے کے اے سی ڈاکٹر بی آر شرما اور کئی دیگر اہم شخصیات اور سکالروں نے بھی خطاب کیا ۔