عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بھیرو جھانکی جلوس اور آنے والے ہولی تہوار کے پرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری گورو سِکروار نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ جلوس کے راستوں اور اہم مقامات پر صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
میونسپل حکام کو ہدایت دی گئی کہ کچرے کی بروقت نکاسی اور سینی ٹیشن اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو اسٹریٹ لائٹس کی درستگی، نالیوں کے ڈھکنوں کی مرمت اور جلوس کے راستوں سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ محکمہ صحت کو حساس مقامات پر طبی ٹیمیں اور ایمبولینس تعینات کرنے جبکہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو اہم مقامات پر فائر ٹینڈرز تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ ٹریفک پولیس کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع ڈائیورڑن پلان تیار کرنے کو کہا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے حساس مقامات پر مجسٹریٹس کی تعیناتی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لئے رضاکاروں کی خدمات حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔ مزید برآں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نوشہرہ، سندربنی، کالاکوٹ، کوٹرنکہ اور سب ڈویڑنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی کو اپنے اپنے علاقوں میں انتظامات کی ذاتی نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ایس ایس پی راجوری نے یقین دلایا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے مناسب سیکورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور تمام محکموں کے درمیان قریبی تال میل قائم رکھا جائے گا۔اجلاس میں اے ڈی سی راجوری چندر پرکاش، تحصیلدار راجوری ورندر گپتا، ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر ستیش کمار، ڈی وائی ایس پی آپریشنز شمی کمار، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی ایم سی راجوری ڈاکٹر شمیم احمد سمیت مختلف محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔