ڈوڈہ //جموں و کشمیر میں موجودہ حالات، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری و سرکاری اراضی سے غریب عوام کو بے دخل کرنے کے پیش نظر بھلیسہ یونائٹڈ فرنٹ نے ڈوڈہ ضلع کی تحصیل چلی پنگل کے ملکپورہ میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران مظاہرین نے حکومت مخالف نعرہ بازی کی۔چیئرمین محمد حنیف ملک کی قیادت میں مظاہرین نے ہم کیا چاہتے انصاف، ہمارا حق ہم کو دو، ورنہ گدی چھوڑ دو کے نعرے بلند کئے۔فرنٹ کے چیئرمین نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سرکار نے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 و 35اے کی منسوخی کے بعد لاکھوں نوجوانوں کو روزگار دینے کا نعرہ لگایا تھا جو اب تک پورا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری و افسر شاہی نے عام آدمی کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور سرکار عوام کو سبز باغ دکھا کر گمراہ کر رہی ہے۔چیئرمین نے سرکاری اراضی سے بے گھر کنبوں کو بے دخل کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ کی دور حکومت سے جموں و کشمیر کے کونہ کونہ میں لوگ ان زمینوں پر رہائش پذیر ہیں اور کھیتی باڑی کرکے اپنا روزگار کماتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کی دور حکومت میں روشنی ایکٹ کے تحت غریب لوگوں نے لاکھوں روپے سرکاری خزانے میں جمع کی اور کاشتکاری کے حقوق حاصل کیا لیکن بی جے پی سرکار نے اس کو واپس لے کر عوام کے ساتھ ناانصافی کی۔انہوں نے سرکار سے لوگوں کو سرکاری زمینوں پر مالکانہ حقوق دینے، مہنگائی و بے روزگاری پر قابو پانے و جموں و کشمیر میں امن قائم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر سیاسی و سماجی کارکن محمد اسحاق ملک، نعمت اللہ وانی، حیدر علی ملک، ارشاد احمد نے بھی عوام دشمن پالیسیوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ حکومت سے عوامی مسائل کا ازالہ کرنے کی مانگ کی۔بھلیسہ یونائٹڈ فرنٹ نے خطہ چناب کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے اسے صوبہ کا درجہ دینے، بھدرواہ کو ضلع و بھلیسہ کو پہاڑی ضلع کا درجہ دینے کی بھی سرکار سے مانگ کی۔